کورونا وائرس سے مزید 15 افراد جاں بحق، 1615 متاثر ہوئے، سید مراد علی شاہ

جمعرات 3 دسمبر 2020 21:07

کورونا وائرس سے مزید 15 افراد جاں بحق، 1615  متاثر ہوئے، سید مراد علی شاہ
کراچی۔3دسمبر  (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 دسمبر2020ء) :وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ کورونا وائرس سے مزید 15 مریضوں کے جاں بحق ہونے سے مجموعی اموات کی تعداد 2983 تک پہنچ گئی ہے اور مزید 13339 ٹیسٹ کیے جانے کے نتیجے میں 1615 مثبت کیسز سامنے آئے ہیں۔ وزیراعلی ہائوس سے جمعرات کو جاری ایک بیان میں وزیراعلی سندھ نے کہا کہ مزید 15 مریض اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 2983 ہوگئی جو شرح اموات کا 1.7 فیصد ہے۔

وزیراعلی سندھ نے کہا کہ 13339 نمونوں کا ٹیسٹ کیا گیا جن کے نتیجے میں 1615 کیسز ظاہر ہوئے جو موجودہ تشخیصی شرح کا 12.1 فیصد بنتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اب تک 2021993 ٹیسٹ کروائے گئے ہیں جن کے نتیجے میں 179240 کیسز کی تشخیص ہوچکی ہے، ان میں سے 87 فیصد یعنی 156034 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جن میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں صحتیاب ہونے والے 1831 بھی شامل ہیں۔

(جاری ہے)

وزیراعلی سندھ نے بتایا کہ اس وقت 20223 مریض زیر علاج ہیں ان میں سے 19385 گھروں، 12 آئسولیشن مراکز اور 826 مختلف اسپتالوں میں شامل ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ 734 مریضوں کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے جن میں سے 84 مریضوں کو وینٹی لیٹرز پر منتقل کیا گیا ہے۔ مراد علی شاہ کے مطابق 1615 نئے مریضوں میں سے 1258 کا تعلق کراچی سے ہے ان میں ضلع جنوبی 421، ضلع شرقی 416 ، ضلع وسطی 197، ضلع ملیر 97، ضلع کورنگی 88 اور ضلع غربی 39 شامل ہیں جبکہ دیگر میں حیدرآباد میں 133، بدین 30، لاڑکانہ 22، شہید بینظیر آباد اور ٹنڈو محمد خان 18-18، ٹھٹھہ 17، عمرکوٹ 16، سکھر 11، گھوٹکی 9، قمبر 7، سانگھڑ 6، دادو اور ٹنڈوالہیار 4، جیکب آباد 3، خیرپور اور شکار پور 2-2، مٹیاری، میرپورخاص اور نوشہروفیروز 1-1 شامل ہیں۔ وزیراعلی سندھ نے صوبے کے عوام پر زور دیا کہ وہ حکومت کی جانب سے جاری کردہ ایس او پیز پر عمل کریں۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں