صوبائی وزیر شہلا رضا نے کشمور میں زیادتی کا نشانہ بنے والی ماں اور بیٹی کو این آئی سی ایچ سے پناہ شیلٹر ہوم میں منتقل کرادیا

ہفتہ 5 دسمبر 2020 17:10

صوبائی وزیر شہلا رضا نے کشمور میں زیادتی کا نشانہ بنے والی ماں اور بیٹی کو این آئی سی ایچ سے پناہ شیلٹر ہوم میں منتقل کرادیا
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 دسمبر2020ء) صوبائی وزیر ترقی نسواں سیدہ شہلا رضا نے کہا ہے کہ معاشرے کے ہر فرد کو معیاری تعلیم و تربیت فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے اس ضمن میں کشمور میں گزشتہ ماہ پیش آنے والے زیادتی کے واقع سے متاثر ماں تبسم سلطان اور بیٹی علشبا دختر ہاورن کو پہلے مرحلے میں این آئی سی ایچ کراچی سے پناہ شیلٹر ہوم کراچی منتقل کیا گیا ہے جہاں متاثرہ ماں اور بچی کی بحالی ، صحت، تعلیم و تربیت کی سہولیات سمیت معاشرے کا کار آمد شہری بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

سیدہ شہلا رضا نے کہا کہ معاشرے میں پیش آنے والے اس قسم کے واقعات کی روک تھام کیلئے سندھ حکومت نے متعدد قوانین نافذ کئے ہیں ضرورت اس امر کی ہے کہ سول سوسائٹی اور خاص طور پر میڈیا عوام میں اس بات کی آگاہی فراہم کرنے میں اپنا کلیدی کردار ادا کرتے ہوئے محکمہ ترقی نسواں کی جانب سے اس ضمن میں کئے جانے والے اقدامات کو مزید ا جاگر کرے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ محکمہ ترقی نسواں میں موجود 1094 ہیلپ لائن نمبر پر رابطہ کرکے ایسے واقعات کی بروقت نشاندہی کروائی جاسکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہیلپ لائن پر موصول ہونے والی شکایات پر متاثرہ افراد کی فوری دادرسی کی جاتی ہے جس میں متاثرہ خواتین کو دیگر سہولیات کے علاوہ قانونی معاونت بھی بلامعاوضہ فراہم کی جاتی ہے۔ سیدہ شہلا رضا نے مزید کہا کہ ہیلپ لائن پر پورے صوبے سے شکایات موصول کی جارہی ہیں۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں