پیپلز پارٹی نے کراچی کے شہریوں میں احساس محرومی پیدا کیا ہے، خرم شیر زمان

ہفتہ 16 جنوری 2021 21:16

پیپلز پارٹی نے کراچی کے شہریوں میں احساس محرومی پیدا کیا ہے، خرم شیر زمان
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 جنوری2021ء) پاکستان تحریک انصاف کراچی کے صدر و رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے کہا ہے کہ شہر قائد میں چارجڈ پارکنگ کے نام پر شہریوں سے بھتہ وصول کیا جارہا ہے۔ کہیں ڈی ایم سیز نے اپنی من مانی جگہوں پر پارکنگ لگائی ہوئی ہے تو کہیں پرائیویٹ کنٹریکٹر ز نے فٹ پاتھ پر قبضے کر کے غیر قانونی پارکنگ بنائی ہوئی ہیں۔

ایڈمنسٹریٹر کراچی شہر میں موجود پارکنگ مافیا کے آگے بے بس نظر آرہے ہیں۔انصاف ہاوس سے جاری اپنے بیان میں خرم شیر زمان کا مزید کہنا تھا کہ شہر کی تمام مین شاہراہوں سمیت دیگر مقامات پرموجود غیر قانونی پارکنگ شہر میں ٹریفک جام کا سبب بنتی ہے۔ ڈی ایم سیز اور پرائیوریٹ کنٹریکٹرز کی جانب سے شہریوں سے پارکنگ کی من مانی رقم وصول کی جارہی ہے۔

(جاری ہے)

اس پارکنگ مافیا کے ساتھ شہر کی ٹریفک پولیس بھی ملوث ہے۔ جو شہری چارجڈ پارکنگ سے ہٹ کر اپنی گاڑی کھڑی کرتے ہیں تو اسے ٹریفک پولیس اٹھا کر لے جاتی ہے۔ شہرمیں ٹریفک کا نظام خراب کرنے میں چارجڈ پارکنگ مافیا کا سب سے بڑا ہاتھ ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت نے پہلے ہی شہر قائد کا انفرا اسٹرکچر تباہ کر کیا ہو ا ہے اوپر سے یہ مختلف مافیا ز بھی شہر کو تباہ کرنے میں مصروف ہیں۔

سندھ حکومت ایک عرصے سے شہر کراچی کے لوگوں کے ساتھ زیادتی کرتی آئی ہے ۔ پیپلز پارٹی نے کراچی کے شہریوں میں احساس محرومی پیدا کیا ہے۔ روشنوں کا شہر کہلایا جانے والے کراچی میں اب صرف کوڑے کے ڈھیر، ٹوٹی سڑکیں ، سیوریج کا ناقص نظام، پانی کی عدم فراہمی اور دیگر بے تحاشہ مسائل موجود ہیں۔ کراچی شہر کو ایک مضبوط بلدیاتی نظام کی ضرورت ہے جس سے کراچی کی ترقی اور شہر کی رونقیں ایک بار پھر بحال ہو سکیں۔ لیکن ایک مضبوط بلدیاتی نظام کو لانے میں پیپلز پارٹی ہی سب سے بڑی رکاوٹ بنی ہوئی ہے۔ انشاء اللہ تحریک انصاف شہر کے لوگوں کو محرومیوں سے نکالے گی اور وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں شہر کو مثالی اور ترقی یافتہ شہر بنائے گی

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں