کراچی میں پی ٹی آئی کی خواتین ورکرز پر پی پی کے کارکنوں کا حملہ

پی پی جیالے گاڑیوں کو شدید نقصان پہنچانے اور خواتین کا قیمتی سامان لوٹنے کے بعد فرار ہوگئے

Shehryar Abbasi شہریار عباسی پیر 18 جنوری 2021 23:42

کراچی میں پی ٹی آئی کی خواتین ورکرز پر پی پی کے کارکنوں کا حملہ
کراچی (اُردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 18جنوری 2021ء) کراچی میں ضمنی انتخابات کے لیے کی جانے والی الیکشن مہم میں شامل پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی خواتین کے قافلے پر پی پی کارکنان کی جانب سے حملہ کیا گیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پی ایس 88 الیکشن کے حوالے سے پی ٹی آئی کی خواتین کارکنان سموں گوٹھ کی کچی آبادی میں مہم میں مصروف تھیں جہاں پیپلز پارٹی کے جیالوں نے ان پر دھاوا بول دیا، پی پی جیالوں نے خواتین پر حملہ کیا اور گاڑیوں کے شیشے بھی توڑ دیے۔

جیالے کارکنان ڈرائیور سے پرس، لائسنس اور دیگر اشیاء چھین کر فرار ہوگئے ۔ واقعے کیخلاف پی ٹی آئی کارکنان میمن گوٹھ تھانے پر جمع ہونا شروع ہوگئے ہیں۔ جبکہ پولیس اسٹیشن میں پی پی جیالوں کیخلاف درخواست دے دی گئی ہے، درخواست میں کہا گیا ہے کہ پی ایس 88 الیکشن کے حوالے سے خواتین کارکنان سموں گوٹھ کی کچی آبادی میں مہم میں مصروف تھیں کہ ان پر پیپلز پارٹی کے لوگوں نے حملہ کردیا۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ ملک میں کرونا وبا کے باعث کئی ماہ تک کسی حلقے میں ضمنی الیکشن کا انعقاد نہیں ہوا۔ اب کئی ماہ بعد کسی اسمبلی کے حلقے میں ضمنی الیکشن کا انعقاد ہوا، جس مین پیپلز پارٹی میدان مارنے میں کامیاب رہی ۔ پی ایس 52 کے بعد اگلا ضمنی الیکشن پی ایس 2 ملیر کراچی میں 16 فروری کو ہوگا۔ صوبائی الیکشن کمشنر سندھ اعجاز انور چوہان کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ پی ایس 88 ملیر۔

II کے ریٹرننگ آفیسر کے پاس 28 امیدواروں نے اپنے کاغذات نامزدگی جمع کروائے ہیں۔ 8 امیدواروں کی دستبرداری کے بعد 20 امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہوگا۔ پی ایس 88 ملیر۔II سے انتخاب لڑنے والے 20 امیدواروں کو انتخابی نشانات الاٹ کئے جارہے ہیں۔ متعلقہ حلقہ میں پولنگ 16 فروری 2021 بروز منگل کو ہوگی۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں