محکمہ ایکسائز سندھ منشیات فروشوں کی سرگرمیوں کو کچلنے کے لئے موثر اقدامات کررہا ہے ،مکیش کمار چاؤلہ

اسکالرز اور این جی اوز جیسے معاشرے کے دوسرے اسٹیک ہولڈرز کے تعاون کے بغیر ، ہم اپنے مطلوبہ اہداف حاصل نہیں کرسکتے ہیں،وزیرایکسائز سندھ

منگل 19 جنوری 2021 17:17

محکمہ ایکسائز سندھ منشیات فروشوں کی سرگرمیوں کو کچلنے کے لئے موثر اقدامات کررہا ہے ،مکیش کمار چاؤلہ
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جنوری2021ء) صوبائی وزیر برائے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسداد منشیات اور پارلیمانی امور مکیش کمار چاؤلہ نے کہا ہے کہ سندھ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسداد منشیات ڈپارٹمنٹ نوجوان نسل میں منشیات کے استعمال کی حوصلہ شکنی اور صوبے بھر میں منشیات فروشوں کی سرگرمیوں کو کچلنے کے لئے موثر اقدامات کر رہا ہے ، لیکن اساتذہ ، والدین ، میڈیا ، اسکالرز اور این جی اوز جیسے معاشرے کے دوسرے اسٹیک ہولڈرز کے تعاون کے بغیر ، ہم اپنے مطلوبہ اہداف حاصل نہیں کرسکتے ہیں۔

یہ بات انہوں نے اس خبر کا نوٹس لیتے ہوئے کہی ہے کہ شہر کے کچھ علاقوں میں منشیات کی کھلی فروخت کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ محدود وسائل کے باوجود ، سندھ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول ڈیپارٹمنٹ منشیات کی لعنت کے خلاف بھرپور کوشش کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے یقین دلایا کہ منشیات کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے ضروری اقدامات اٹھائے جارہے ہیں اور گذشتہ چند ماہ کے دوران صرف ضلع غربی میں منشیات فروشوں کے خلاف سات مقدمات درج کیے گئے ، جس کے تحت 29.180 کلو گرام چرس اور 6.465 کلو افیون ضبط کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ وقت کا تقاضا ہے کہ تمام اسٹیک ہولڈرزکو آگے آکر منشیات کی لعنت کے خلاف اپنا بھر پور کردار ادا کرنا چاہئے۔ صوبائی وزیر برائے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسداد منشیات اور پارلیمانی امور مکیش کمار چاؤلہ نے کہا کہ منشیات کے استعمال کے خلاف آگاہی پیدا کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے اور تمام تعلیمی اداروں کو اس مسئلے پر آگاہی سیمینارز، ورکشاپس اور لیکچرز کا انعقاد کرنا چاہیے تاکہ نوجوان نسل کو منشیات کے مضمرات سے آگاہ کیا جاسکے۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں