وزیراعلی سندھ کی زیرصدارت ، میری ٹائم مشق امن 21 کے انتظامات سے متعلق اجلاس

ان مشقوں سے پاکستان کا مثبت امیج عالمی سطح پر اجاگر ہوا ہے۔ پاک نیوی کا شمار دنیا کی چند بہترین بحری افواج میں ہوتا ہے

جمعہ 22 جنوری 2021 17:38

وزیراعلی سندھ کی زیرصدارت ، میری ٹائم مشق امن 21 کے انتظامات سے متعلق اجلاس
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جنوری2021ء) وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے پاک بحریہ کے زیر اہتمام امن ۔21کی کثیر الالقوامی سمندری مشقوں کے انتظامات کا جائزہ لینے کے حوالے سے ایک اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کی اور سوک باڈیز کو ہدایت کی کہ شہر کو فیسٹیول کی طرح سجایاجائے۔امن21کی مشقوں کی میزبانی کرنا ایک فخر کی بات ہے، جس میں 46 ممالک شرکت کریں گے لہٰذا تمام انتظامات بشمول تزئین و آرائش ، رنگ و روغن اور خوش آمدید کے سائن بورڈ آویزاں کیے جائیں تاکہ بہترین مہمان نوازی کی عکاسی ہوسکے ۔

یہ بات انہوں نے وزیراعلی ہائوس میں جمعہ کے روز ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں چیف سیکرٹری سندھ سیدممتاز شاہ ، کمانڈر کراچی وائس ایڈمرل فیصل لودھی ، وزیراعلی سندھ کے پرنسپل سیکرٹری ساجد جمال ابڑو ، اے سی ایس ہوم عثمان چاچڑ ، کمشنر کراچی نوید شیخ ، ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام نبی میمن ، سیکرٹری بلدیات نجم شاہ ، ایڈمنسٹریٹر کے ایم سی لئیق احمد ، ڈائریکٹر جنرل کے ڈی اے ناصر عباس ،ایم ڈی واٹر بورڈ اسد اللہ خان ،رینجرز کے بریگیڈیر فیصل نواز ، کور5کے نمائندگان ، کنٹونمنٹس اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

پاکستان نیوی 11 سے 16 فروری 2021 تک کثیر الالقوامی سمندری مشقوں کی میزبانی کر رہی ہے جس میں 46 ممالک شرکت کریں گے۔وزیراعلی سندھ نے کہا کہ اس مشق کا بنیادی مقصد عالمی سطح پر پاکستان کے مثبت امیج کو اجاگر کرنا ہے ۔ اس ایونٹ کا مقصد/تھیم امن کے لیے یکجا ہوناہے۔ واضح رہے کہ 2007 سے پاک بحریہ امن مشقوں کی میزبانی کرتی آ رہی ہے جن میں امریکہ ، روس ، چین اور برطانیہ کی نیوی کے جہاز، ایکٹو کمانڈ اینڈ اسپیشل آپریشن فورسز(ایس او ایف)حصہ لے رہی ہیں۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ پوری دنیا سے بڑی تعداد میں شرکت پاکستان نیوی کی عالمی اور علاقائی سطح پر ایک قابل احترام اور پیشہ ورانہ قوت ہونے کی دلیل ہے۔ وزیر اعلی سندھ نے کہا کہ صوبائی حکومت کی مستقل کوششوں سے کراچی میں امن وامان کی صورتحال بہتر ہوئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ بہتر سکیورٹی صورتحال کے باعث متعدد غیر ملکی وفود بھی بڑی تعداد میں کراچی آ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ٹریفک انتظامات کومشقوں کو مد نظر رکھتے ہوئے ترتیب دیا جانا چاہئے۔ مراد علی شاہ نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ وہ امن مشق ۔21 کے دوران سیکورٹی کے سازگار اور خوشگوار ماحول کو برقرار رکھیں۔ انہوں نے تمام بلدیاتی اداروں کو بھی ہدایت دی کہ جہاں ضرورت ہو وہاں سڑکوں کو کارپیٹ کریں ، اطراف کو خوبصورت بنائیں اور فٹ پاتھوں کو پینٹ کریں۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں