دعا منگی کو اغوا کرنے والے ملزمان پر فرد جرم عائد

ملزمان کا صحت جرم سے انکار،مقدمے میں مفرور ملزم آغا منصور کو اشتہاری قرار دیا گیا

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان ہفتہ 23 جنوری 2021 13:23

دعا منگی کو اغوا کرنے والے ملزمان پر فرد جرم عائد
کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 23 جنوری 2021ء) : انسداد دہشت گردی کی عدالت میں دعا منگی اغوا کیس کی سماعت ہوئی ہے۔ سماعت کے دوران پولیس نے عدالت کو بتایا کہ دعا منگی کے والد نے 25لاکھ روپے تاوان دے کر بیٹی کو بازیاب کروایا تھا۔ ملزمان زوہیب قریشی، محمد طارق عرف شکیل اور دیگر پر فرد جرم عائد کر دی گئی ہے۔جب کہ مقدمے میں مفرور ملزم آغا منصور کو اشتہاری قرار دیا گیا ہے۔

ملزمان نے صحت جرم سے انکار کیا ہے۔عدالت نے آئندہ سماعت پر گواہان کو بھی طلب کیا ہے۔عدالت نے مقدمے کی سماعت 25 جنوری تک ملتوی کر دی ہے۔قبل ازیں دعا منگی اغوا کیس میں ملوث ملزم فیاض سولنگی نے ضمانت کے لیے سندھ ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا۔عدالت نے 26جنوری کو ملزم کی درخواست ضمانت پر دلائل طلب کیے تھے۔

(جاری ہے)

پراسیکیوٹر اور تفتیشی افسر کو کیس کا ریکارڈ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

پراسیکیوٹر کے مطابق ملزم دعا منگی ،بسمہ اور دیگر اغوا کے کیسز میں ملوث ہے۔ ملزم فیاض سولنگی جیل میں ہے۔ پولیس نے اسے بعد میں نامزد کیا۔ ابتدائی تفتیش میں اس کا نام شامل نہیں تھا، واضح رہے کہ گزشتہ سال 30 نومبر کی شب ڈیفنس، خیابان بخاری کمرشل سے کار سوار ملزمان طالبہ دعا منگی کو اغوا کر کے لے گئے تھے جبکہ ملزمان نے دعاکے ساتھ موجود اس کے دوست حارث سومرو کو فائرنگ کر کے زخمی کر دیا تھا۔

گزشتہ سال کراچی کے علاقے ڈیفنس میں فائرنگ کے بعد کار سوار ملزمان کے ہاتھوں اغوا ہونے والی دعا منگی ایک ہفتے بعد گھر پہنچی تھی،دعا منگی کے دوست اس موقع پر فائرنگ سے زخمی ہو گئے تھے۔ دعا منگی نے اپنے اس دوست کے علاج کے لیے فنڈ جمع کرنے کی مہم چلا دی ہے، جس نے اپنی جان خطرے میں ڈال کر دعا منگی کو اغواکاروں سے بچانے کی کوشش کی تھی۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں