غلام ارباب رحیم کا اپنی شکست کی تمام ذمہ داری عمران خان پر ڈالنا اشارہ ہے کہ وفاقی حکومت جلد تنہا رہ جائیگی، سیدہ شہلا رضا

ہفتہ 23 جنوری 2021 16:45

غلام ارباب رحیم کا اپنی شکست کی تمام ذمہ داری عمران خان پر ڈالنا اشارہ ہے کہ وفاقی حکومت جلد تنہا رہ جائیگی، سیدہ شہلا رضا
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جنوری2021ء) صوبائی وزیر ترقی نسواں سیدہ شہلا رضا نے اپنے جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ عمرکوٹ الیکشن ہارنے کے بعد تین پارٹیوں کے مشترکہ امیدوار غلام ارباب رحیم کا اپنی شکست کی تمام ذمہ داری وفاقی حکومت اور عمران خان پر ڈالنا اس بات کا اشارہ ہے کہ بہت جلد پی ٹی آئی کے اتحادی ایک ایک کرکے ان کا ساتھ چھوڑ جائیں گے اور وفاقی حکومت تنہا رہ جائے گی۔

غلام ارباب رحیم کا مزیدکہنا کہ عمران ڈھائی برس میں ایک وعدہ پورا نہ کرسکا،یہی حالات رہے تو آئندہ الیکشن میں ان کا نام لینے والا بھی نہیں رہے گا اس بات کی غمازی کرتا ہے کہ عوام کی فلاح و بہبود کے لیے سلیکٹڈ حکومت نے کوئی کام نہیں کیا کیونکہ ان کو عوام کی کوئی پرواہ نہیں بلکہ اس غالب ٹولہ کو تو صرف اپنے اقتدار کو مزید طول دینے کی فکر لاحق ہے۔

(جاری ہے)

سیدہ شہلا رضا نے مزید کہا کہ حکومت کا مختلف پارٹیز کے ساتھ غیر فطری اتحاد بہت جلد بکھرے گا۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سے صدر آصف علی زرداری کی رہنمائی اور بلاول بھٹو زرداری دیگر رہنماو ں کی قیادت میں عوام کو بہت جلد اس کٹھپتلی حکومت سے چھٹکارا دلائیںگے۔ سیدہ شہلا رضا نے کہا کہ میڈیا رپورٹ کے مطابق وزیر اعظم کے مشیر نے نیب لاہور آفس کا دورہ کیا جہاں نیب کے افسران نے انھیں کیسز کے بارے میں بریفنگ دی۔

کیا اب بھی سلیکٹڈ نالائق و نا اہل حکومت اس بات پر اصرار کرے گی کہ نیب ایک آزاد و خودمختار ادارہ ہے اور حکومت کا نیب کے کیسز سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی ائی حکومت کتنا جھوٹ بولے گی۔ انہوں نے نیازی حکومت سے سوال کیا کہ وہ دن کب آئے گا جب عوام پر مسلط ٹولا سچ بولنا شروع کرے گا شاید حکومت جانے کے بعد ہی یہ ممکن ہوتا نظر آتا ہے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں