چیف سیکرٹری نے نیب زدہ افسران کے خلاف کارروائی سے متعلق اپنی رپورٹ عدالت میں جمع کرادی

435 کرپٹ سرکاری افسران وملازمین میں سے 55 سرکاری افسران کیخلاف کارروائی کی گئی، 10سرکاری افسران کو جبری ریٹائرڈکیا گیا

ہفتہ 23 جنوری 2021 16:45

چیف سیکرٹری نے نیب زدہ افسران کے خلاف کارروائی سے متعلق اپنی رپورٹ عدالت میں جمع کرادی
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جنوری2021ء) سندھ ہائی کورٹ میں نیب زدہ افسران کی ملازمتوں پر بحالی کے خلاف ایم کیوایم کی درخواست پر سماعت ہوئی، درخواست گزار اور چیف سیکرٹری سندھ سمیت اعلی حکام عدالت میں پیش ہوئے۔سماعت کے آغاز پر چیف سیکرٹری نے نیب زدہ افسران کے خلاف کارروائی سے متعلق اپنی رپورٹ عدالت میں جمع کرائی، رپورٹ میں بتایا گیا کہ 435 کرپٹ سرکاری افسران وملازمین میں سے 55 سرکاری افسران کیخلاف کارروائی کی گئی، 10سرکاری افسران کو جبری ریٹائرڈکیا گیا جبکہ 12سرکاری افسران کی عہدے سے تنزلی کی گئی اور 29برطرف جبکہ 73 کے سالانہ انکریمنٹ روک لیے گئے ہیں۔

چیف سیکرٹری کی جانب سے عدالت عالیہ میں پیش کی گئی رپورٹ میں بتایا گیا کہ مزید 238 سرکاری افسران و ملازمین کیخلاف کارروائی جاری ہے، ان238 میں سی217 صرف اساتذہ ہیں، یہ اساتذہ پرائمری اور ہائی اسکول سے تعلق رکھتے ہیں، ان اساتذہ کو نکالنے سے اسکولوں میں خلاپیدا ہوگا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر عدالت نے سیکرٹریزکو 30دن میں دیگر افسران کیخلاف کارروائی کی ہدایت کرتے ہوئے تمام سرکاری محکموں کے سیکرٹریز سے سرٹیفکیٹس طلب کرلیے، دوران سماعت چیف سیکرٹری سندھ نے عدالتی فیصلے پر عمل کیلیے دو ماہ کی مہلت مانگ کی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ ساٹھ روز میں عدالتی فیصلے پرعمل کرلیں گے۔

نیب زدہ افسران کی ملازمتوں پر بحالی کے خلاف ایم کیوایم کنور نوید جمیل نے سندھ ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر رکھی ہے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں