ایپکس کمیٹی کے فیصلوں سے ہمیشہ اچھے نتائج حاصل ہوئے ،مراد علی شاہ

کچھ گروپس پڑوسی ملک کی حمایت سے مسائل پیدا کرنا چاہتے ہیں مگرقانون نافذ کرنے والے اداروں کی مانیٹرنگ اور آپس میں کوآرڈینیشن سے حالات کنٹرول میں ہیں عسکریت پسند گروہوں کے خلاف ٹارگیٹڈ آپریشن جاری ہے،اجلاس میں بریفنگ

پیر 25 جنوری 2021 19:03

ایپکس کمیٹی کے فیصلوں سے ہمیشہ اچھے نتائج حاصل ہوئے ،مراد علی شاہ
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 جنوری2021ء) وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ ایپکس کمیٹی کے فیصلوں سے ہمیشہ اچھے نتائج حاصل ہوئے ہیں۔ یہ بات انہوں نے 5 ماہ بعد ہونے والے ایپکس کمیٹی سندھ کے اجلاس کے دوران کہی، اجلاس میں نئے کور کمانڈر، نئے ڈی جی رینجرز کے علاوہ صوبائی وزراء ناصر شاہ، مشیر قانون مرتضیٰ وہاب، چیف سیکریٹری ممتاز شاہ، آئی جی پولیس، پرنسپل سیکریٹری، سیکریٹری داخلہ، کمشنر کراچی، ایڈیشنل آئی جی کراچی، پی جی، مختلف اداروں کے صوبائی سربراہان شریک ہوئے۔

ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں مختلف اداروں کی جانب سے امن و امان سے متعلق کمیٹی کو بریفنگ دی گئی جس میں بتایا گیا کہ کچھ گروپس پڑوسی ملک کی حمایت سے مسائل پیدا کرنا چاہتے ہیں تاہم قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مانیٹرنگ اور آپس میں کوآرڈینیشن سے حالات کنٹرول میں ہیں۔

(جاری ہے)

ایپکس کمیٹی اجلاس میں آگاہی دی گئی کہ کچھ قوم پرست گروپس بھی استعمال ہونے کیلئے ہمیشہ سے تیار ہیں، عسکریت پسند گروہوں کے خلاف ٹارگیٹڈ آپریشن جاری ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے اجلا س میں کہا کہ 2015ء میں ایپکس کمیٹی قائم کی گئی تھی، کمیٹی کے فیصلوں سے اچھے نتائج حاصل ہوئے ہیں، ہم نے شہر میں امن امان بحال کرنے میں کافی محنت کی ہے۔ مراد علی شاہ کاکہنا تھا کہ امن قائم کرنے میں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بہت قربانیاں دی ہیں، اب کافی عرصے بعد یہ میٹنگ ہو رہی ہے۔ ایپکس کمیٹی اجلاس میں سندھ میں جرائم خصوصاً کراچی میں اسٹریٹ کرائم کی روک تھام پر غور کیا جائے گا، قومی ایکشن پلان کے 20نکات پر عمل درآمد کا جائزہ بھی لیاجائے گا۔

مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ شہر بلکہ صوبے میں امن امان قائم کرنے میں ہمارے قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بہت قربانیاں دی ہیں۔ دوسری جانب مختلف اداروں نے امن امان کے حوالے سے ایپکس کمیٹی کو بریفنگ دی جبکہ بریفنگ میں بتایا گیا کہ کچھ گروپس پڑوسی ملک کی حمایت سے مسائل پیدا کرنا چاہتے ہیں اور کچھ قوم پرست گروپس بھی استعمال ہونے کیلئے ہمیشہ تیار ہیں۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں