پاکستان کے 30تیز رفتار ترین سائیکلسٹ افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کرنے وزیرستان جائیںگے

ٹورڈی سائیکل ریس ڈی آئی خان ٹو اسلام آباد براستہ وزیرستان 8مارچ سی15مارچ تک ہوگی، کلیم اعوان

جمعرات 25 فروری 2021 15:30

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 فروری2021ء) وزیرستان میں دہشت گردوں کے خلاف جہاد میں مصروف افواج پاکستان میں شامل افسران و جوانوں کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے پاکستان بھر کے قومی و بین الاقوامی 30تیز رفتار ترین سائیکلسٹ 600کلومیٹر طویل ’’ ٹور ڈی وزیرستان ٹو اسلام آباد سائیکل ریس ‘‘میں شریک ہورہے ہیں جو 8مارچ سے شروع ہورہی ہے۔

گذشتہ 40سالوں سے دہشت گردی و منشیا ت کے خلاف افواج پاکستان کے مختلف اداروں کے ساتھ مل کر کام کرنے والے پاکستان کے معروف اسپورٹس آرگنائزر اور پاکستان ایڈونچر سائیکلنگ ایسو سی ایشن اور سندھ سائیکلنگ ایسو سی ایشن کے سیکریٹری جنرل ملک کلیم احمد اعوان نے ایک خصوصی بریفنگ میں آج ریس کی تفصیلات کا اعلا ن کیا۔

(جاری ہے)

کلیم اعوان نے بتایاکہ انشاء اللہ پاکستان کے چاروں صوبوں اور آرمی ،واپڈا،ریلوے اور ہایئر ایجوکیشن کمیشن کے 30تیز رفتار ترین سائیکلسٹ اس ریس میں حصہ لینگے۔

ریس کا پہلا مرحلہ 8مارچ کو ڈی آئی خان سے ٹانک، دوسرا مرحلہ ٹانک سے وانا 9مارچ ،تیسرا مرحلہ وانا سے میرن شاہ 10مارچ جبکہ 11مارچ کو میرن شاہ میں ایک دن کا آرام ہوگا۔ چوتھا مرحلہ میرن شاہ سے بنوں12مارچ ، پانچواں مرحلہ بنوں سے کوہاٹ 13مارچ، چھٹا مرحلہ کوہاٹ سے پشاور 14مارچ اور آخری اور ساتواں فائنل مرحلہ 15مارچ کو پشاور سے اسلام آباد تک ہوگا۔ کلیم اعوان نے مزید بتایاکہ صدر پاکستان عارف علوی ، وزیر اعظم عمران خان کو تقریب تقسیم انعامات میں مہمان خصوصی کے لئے درخواست کی گئی ہے ۔وزیر ستان میں سائیکلسٹوں اور منتظمین کی فول پروف سیکورٹی کیلئے وفاقی وزارت داخلہ اور وزیر ستان میں بر سرپکار افواج پاکستان کی سیکورٹی ایجنسز اور اداروں نے تیاریاں شروع کردی ہیں۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں