سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کے خلاف کوئی انتقامی کارروائی نہیں کی جارہی ،سعید غنی

سینیٹ کے انتخابات میں ارکان صوبائی و قومی اسمبلی پر ایسی کوئی پابندی نہیں کہ وہ اپنی پارٹی کے امیدوار کی جگہ کسی اور امیدوار کو ووٹ دے،وزیر تعلیم و محنت سندھ

جمعرات 25 فروری 2021 20:15

سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کے خلاف کوئی انتقامی کارروائی نہیں کی جارہی ،سعید غنی
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 فروری2021ء) وزیر تعلیم و محنت سندھ سعید غنی نے کہا کہ سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کے خلاف کسی قسم کی انتقامی کارروائی نہیں کی جارہی ہے اور ان کے خلاف جو بھی مقدمات قائم کئے گئے ہیں وہ قانون کے مطابق ہیں۔ حلیم عادل شیخ کو مجھ سمیت تمام لوگ اچھی طرح جانتے ہیں کہ وہ کتنا بڑا ڈرامہ ہے۔ سینیٹ کے انتخابات میں ارکان صوبائی و قومی اسمبلی پر ایسی کوئی پابندی نہیں ہے کہ وہ اپنی پارٹی کے امیدوار کی جگہ کسی اور امیدوار کو ووٹ دے اور ایسا کرنے سے اس کی رکنیت پر کوئی فرق نہیں پڑے گا۔

پی ٹی آئی کے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی برملا اس بات کا اظہار کررہے ہیں کہ وہ اپنی پارٹی کے امیدواروں کو ووٹ نہیں دیں گے۔ ایک شخص زمینوں پر پر قبضوں اور سرکاری کاموں پر مداخلت کرنے کے جرم کرے اور پولیس اس کے خلاف کارروائی کرے تو آئی جی بدلنے کا مطالبہ ہو تو اس طرح کوئی آئی جی نہیں بد ل سکتا۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز سندھ اسمبلی کے اجلاس کے بعد میڈیا ٹاک کررہے تھے۔

سعید غنی نے کہا کہ آج اسمبلی کے اجلاس میں جس طرح دوسروں کے سہارے چل کر ہاتھ اور پیر پر پٹیاں لگا کر نئے اپوزیشن لیڈر آئے ہیں ان کی جیل سے اسپتال تک روانگی اور اسپتال میں داخلے کے وقت جس طرح ہاتھ کی خراش دکھانا اور بعد میں پورے ہاتھ اور پاؤں پر پٹیاں باندھ لینا کسی ڈرامہ بازی سے کم نہیں ہے اور یہ سب چیزیں تمام میڈیا کے ذریعے عوام دیک ھ چکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ تاثر دینے کی کوشش کی جارہی ہے کہ سندھ حکومت کسی قسم کی کوئی انتقامی کارروائی کررہی ہے وہ سراسر غلط ہے۔ انہوں نے کہاکہ حلیم عادل شیخ کے خلاف 6 فروری کو اینٹی انکروچمنٹ کی ٹیم پر حملہ کرنے اور سرکاری کام میں مداخلت کرنے اور کئی گھنٹوں تک سپر ہائی وے کو بلاک کرنے کے جرم میں ایف آئی آر انتظامیہ نے دائر کئے ہیں اور یہ قانون کے مطابق ہیں جبکہ 16 فروری کو ملیر کے ضمنی انتخابات میں صبح 8 بجے سے اسلحہ بردار لوگوں کے ساتھ وہاں کے پولنگ اسٹیشنوں میں جاکر وہاں پولنگ کے عملے اور ووٹرز کو حراساں کرنے کے واضح شواہد میڈیا کے توسط سے عوام کے سامنے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے قواعد و ضوابط کے مطابق تو جس حلقہ میں ضمنی الیکشن ہو وہاں ہوئی ایم پی اے، ایم این اے اور یہاں تک کے وزیر بھی نہیں جاسکتا لیکن پی ٹی آئی کے تمام ارکان الیکشن مہم کے لئے جاتے رہے ہم نے اس پر کوئی اعتراض نہیں کیا۔ اسی طرح الیکشن کمیشن کے قواعد کے مطابق الیکشن والے روز کوئی لائسنس رکھنے والا فرد بھی اس حلقہ میں اسلحہ لے کر یا اس کی نمائش نہیں کرسکتا۔

انہوں نے کہا کہ حلیم عادل شیخ نے الیکشن کمیشن کے قواعد و ضوابط کی نہ صرف دھجیاں اڑائیں بلکہ انہوں نے قانون کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اس حلقہ میں فائرنگ بھی کی۔ سعید غنی نے کہا کہ قانون کے مطابق ان کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی ہے اور تمام معاملات عدالتوں میں ہیں اور عدالتیں جو فیصلہ کریں گی اس کو ہم اور وہ دونوں ماننے کے پابند ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ حلیم عادل شیخ سے سی آئی اے سینٹر میں کسی سے ملنے پر کوئی پابندی نہیں تھی اور نہ ہی انہیں وہاں حوالات میں رکھا گیا تھا اور اب اگر وہاں کوئی سانپ آیا ہے تو اس کی بھی تحقیقات ہورہی ہیں کہ وہ کہاں سے آیا کون اپنے ساتھ وہاں لے آیا ہے اور 4 فٹ طویل سانپ کو کس طرح کوئی اپنے پیروں سے مارتا ہے۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ سینیٹ کے انتخابات کے لئے کوئی بھی امیدوار کسی بھی رکن سے ووٹ مانگ سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سوائے 3 مواقع پر جب پارٹی کی ٹکٹ پر منتخب ہونے والا رکن پارٹی کے امیدوار کو ووٹ نہ دے تو اس کی رکنیت ختم ہوسکتی ہے لیکن سینیٹ کے الیکشن میں اگر کوئی رکن اپنی پارٹی کے امیدوار کی بجائے کسی اور جماعت کے امیدوار کو ووٹ دے تو اس کی رکنیت متاثر نہیں ہوتی البتہ پیشہ لے کر ووٹ نہیں خریدا یا بیچا جاسکتا۔ انہوں نے کہاکہ خود پی ٹی آئی کے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی اپنے امیدواروں اور پارٹی کی قیادت سے نالاں ہیں اور اس بات کا وہ برملا اظہار بھی کرچکیں ہیں کہ پارٹی نے سینیٹ کی ٹکٹ 35 کروڑ روپے میں فروخت کی ہیں اور اس بات کا بھی برملا اظہار کررہے ہیں کہ وہ پی ٹی آئی کے امیدواروں کو ووٹ نہیں دیں گے۔

ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ میں بھی کسی بھی رکن سے اپنے امیدوار کے لئے ووٹ مانگ سکتا ہوں اب وہ اس کی مرضی ہے کہ وہ ووٹ دے یا نہ دے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں