پیپلز پارٹی سندھ کا یوسف رضا گیلانی اور سندھ میں پیپلز پارٹی کے سینیٹرز کی کامیابی پر سندھ بھر میں جشن جمہوریت کے نام سے تین روزہ جشن منانے کا اعلان

جمعرات 4 مارچ 2021 00:04

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 مارچ2021ء) پاکستان پیپلز پارٹی سندھ نے وفاق میں سید یوسف رضا گیلانی اور سندھ میں پیپلز پارٹی کے سینیٹرز کی کامیابی پر سندھ بھر میں جشن جمہوریت کے نام سے تین روزہ جشن منانے کا اعلان کیا ہے۔ پاکستان پیپلزپارٹی سندھ کے صدر نثارکھوڑو کا کہنا ہے کہ سینیٹرز کی کامیابی پرسندھ بھر کے ضلعی ہیڈکوارٹرز میں تین دن جشن منایا جائے گا۔

پیپلز پارٹی کے سندھ بھر کے ضلعی صدور و دیگر عھدیداران اپنے اپنے اضلاع میں جشن کے لئے فائر ورکس تقاریب منعقد کریں۔ نثار کھوڑو کا کہنا ہے کہ وفاق میں یوسف رضا گیلانی کی کامیابی وزیراعظم عمران خان کے خلاف عدم اعتماد ہے،ثابت ہوگیا کہ تبدیلی سرکار کے اراکین اور اس کے اتحادی بھی عمران خان کے ساتھ چلنا نہیں چاھتے۔

(جاری ہے)

وفاق میں پی ٹی آئی سینیٹر کی ناکامی وزیراعظم عمران خان پر ان کے اراکین کا کھلا عدم اعتماد ہے۔

نثار کھوڑونے کہاکہ اب جلد وزیراعظم عمران خان کے خلاف بھی عدم اعتماد کی تحریک کا راستہ ہموار ہوگا۔ علاوہ ازیں پیپلزپارٹی کراچی ڈویژن کے ترجمان آصف خان کا کہنا ہے کہ سینیٹ انتخابات میں کامیابی پرپیپلزپارٹی کے تحت لیاری میں جشن منایا گیا،آج 4 مارچ کوکراچی کے تمام اضلاع میں پیپلزپارٹی کے تحت جشن کی تقریبات ہونگی ۔ انہوں نے کہاکہ مرد حر آصف زرداری نے جو کہا کرکے دکھایا سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی کی جیت پیپلزپارٹی کارکنوں کی فتح ہے،پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ کی ساری قیادت کواس جیت پر مبارک بادپیش کرتے ہیں۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں