ملک میں مرغی کے گوشت کی قیمت تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی

شہر قائد کراچی میں فی کلو مرغی کا گوشت 470 روپے کی ہوشربا قیمت میں فروخت ہونے لگا

muhammad ali محمد علی ہفتہ 6 مارچ 2021 23:55

ملک میں مرغی کے گوشت کی قیمت تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی
کراچی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 6 مارچ 2021ء ) ملک میں مرغی کے گوشت کی قیمت تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔ شہر قائد کراچی میں فی کلو مرغی کا گوشت 470 روپے کی ہوشربا قیمت میں فروخت ہونے لگا۔ قیمتوں میں اس ہوشربا اضافے کے حوالے سے مرغی فروش دکانداروں کا کہنا ہے کہ مرغی مہنگی ہونے کی وجہ پولٹری فارمرز کی جانب سے سپلائی ميں کمی ہے۔ دکانداروں کا موقف ہے کہ مہنگی مرغی خرید کر سرکاری ریٹ پر فروخت نہیں کر سکتے۔

پہلے ہی کاروبار خسارے کا شکار ہے، سرکاری ریٹ پر مرغی کے گوشت کی فروخت کی صورت میں ہمارا کاروبار مزید ٹھپ ہو جائے گا۔ جبکہ مرغی کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کے حوالے سے پاکستان پولٹری ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کرونا وبا کے دوران 40 فیصد پولٹری فارم بند ہوچکے ہیں۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ مرغیوں کی فیڈ کی قیمت بھی دوگنی ہو چکی، اسی وجہ سے قیمتوں کنٹرول سے باہر ہو چکیں۔

واضح رہے کہ جہاں مرغی کی قیمت میں ہوشربا اضافہ ہوا، وہیں مہنگائی کی مجموعی شرح میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق ملک میں منہگائی بڑھ کر 14.95 فیصد ہوگئی۔ حالیہ ہفتہ منہگائی0.61 فیصد مزید بڑھ گئی ہے، ملک میں ساتویں ہفتے بھی منہگائی میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے، اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں اضافہ منہگائی کا سبب بنا۔

ایک ہفتہ میں 22 اشیائے ضروریہ منہگی ہوئیں۔ جس کے تحت چکن 13 روپے 30 پیسے فی کلو منہگا ہونے سے اوسط فی کلو قیمت 263 روپے 58 پیسے ہوگئی۔ چینی 2 روپے 64 پیسے فی کلو مزید منہگی ہوئی جس کے بعد چینی کی اوسط فی کلو قیمت 96 روپے 68 پیسے ہوگئی ہے، مٹن کی اوسط قیمت 1001.57 اور بیف کی قیمت 477 روپے فی کلو ہوگئی ہے، بیف 92 پیسے اور مٹن 35 پیسے فی کلو منہگا ہوا۔

پیاز81 پیسے اور آلو ایک روپے 40 پیسے فی کلو، دال مونگ 37 پیسے اور دال چنا 34 پیسے فی کلو، دال ماش 3 روپے 64 پیسے، دال مسور ایک روپے37 پیسے فی کلومنہگی ہوئی، تازہ دودھ، دہی، انڈے، صابن، چاول کی قیمتیں بھی بڑھ گئی ہیں۔ ادارہ شماریات کی رپورٹ میں کہا گیا کہ ایک ہفتہ کے دوران ملک میں 5 اشیاء سستی ہوئیں۔ گڑ، ٹماٹر، آگ جلانے والی لکڑی کی قیمتوں میں بھی کمی رکارڈ کی گئی، لہسن 17 روپے 29 پیسے فی کلو سستا ہوا، حالیہ ہفتے میں آٹے کا 20 کلو کا تھیلا 8 روپے 4 پیسے سستا ہوا۔ اسی طرح ادارہ شماریات کی رپورٹ میں کہا گیا کہ حالیہ ہفتہ 24 اشیاء کی قیمتوں میں استحکام رہا۔ دوسری جانب مہنگائی کے باعث عوام شدید پریشانی میں مبتلا ہیں عوام کی قوت خرید بھی ختم ہوتی جارہی ہے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں