اعتماد کے ووٹ کے بعد حکومت نے سب کو کرپٹ کہہ دیا: مصطفی کمال

وزیراعظم کو اعتماد کا ووٹ چاہیے تھا،ایم کیوایم کے پاس نادر موقع تھا مردم شماری پر کابینہ کے فیصلے کو معطل کرنے کا مطالبہ کرتے، چیئرمین پی ایس پی

منگل 9 مارچ 2021 12:43

اعتماد کے ووٹ کے بعد حکومت نے سب کو کرپٹ کہہ دیا: مصطفی کمال
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 مارچ2021ء) پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ مصطفی کمال نے کہا ہے کہ اعتماد کے ووٹ کے بعد حکومت نے سب کو کرپٹ کہہ دیا، اگر وزیراعظم سب کو ڈاکو کہہ رہے ہیں تو انہیں کون پکڑے گا، کیا چوروں کو پکڑنے کیلئے اقوام متحدہ کی فوج بلانی پڑے گی۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مصطفی کمال نے کہا کہ جنہیں چور کہا جا رہا ہے لوگوں نے انہیں ووٹ دے کر اسمبلیوں میں بھیجا، وزیراعظم ان کے ساتھ بیٹھ کر انتخابی اصلاحات پر بات کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ بلدیاتی نظام میں اختیارات کی جنگ چھڑ جاتی ہے انہیں پتا ہی نہیں ان کا کیا کام ہے، آئین میں بلدیاتی نظام کا چیپڑ شامل ہونا چاہیے، ملک میں بچوں کی دماغی نشونما نہیں ہو پا رہی۔انہوں نے کہاکہ وزیراعظم کو ایم کیو ایم کا اعتماد کا ووٹ چاہیے تھا، متحدہ قومی موومنٹ کے پاس نادر موقع تھا مردم شماری پر کابینہ کے فیصلے کو معطل کرنے کا مطالبہ کرتے، ایم کیو ایم نے موقع ہاتھ سے گنوا دیا۔ انہوں نے کہاکہ تمام سیاسی جماعتیں مسائل حل کرنے میں ناکام ہوچکیں، ہمارے پاس اصلاحات کا مکمل ایجنڈا موجود ہے، 19 مارچ کو کوئٹہ میں جلسہ کرنے جا رہے ہیں۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں