کراچی میں سندھ سالٹ ویسٹ کی گاڑی پرفائرنگ ، چینی باشندے سے سمیت2زخمی

جائے وقوعہ سے نائن ایم ایم پستول کے دوخول ملے ہیں، خولوں کو تجزیے کے لیے فارنزک لیبارٹری بھجوادیا ہے، ڈی آئی جی سائوتھ

منگل 9 مارچ 2021 14:35

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 مارچ2021ء) کراچی کے علاقے لیاری میں موٹر سائیکل سوار نامعلوم مسلح ملزمان کی جانب سے سندھ سالٹ ویسٹ مینجمنٹ کی گاڑی پر فائرنگ کے نتیجے میں چینی باشندے سمیت 2 افراد زخمی ہوگئے ہیں۔لیاری میں کمیلا اسٹاپ کے قریب واقع ڈی ایم سی اسکول کے سامنے موٹر سائیکل پر سوار نامعلوم مسلح ملزمان نے سفید رنگ کی ہائی روف گاڑی رجسٹریشن نمبر سی ایکس 0959 پر اچانک فائرنگ کردی اور فرارہوگئے، فائرنگ کے نتیجے میں گاڑی میں سوار چینی باشندے سمیت 3افراد معجزانہ طور پر محفوظ رہے تاہم فائرنگ سے گاڑی کے شیشے ٹوٹنے سے چینی باشندہ معمولی زخمی ہوگیا جبکہ فائرنگ سے راہ گیرزخمی ہوا جنہیں فوری طور پر سول اسپتال منتقل کردیا گیا۔

زخمی ہونے والے چینی باشندے کی شناخت 26 سالہ جیسن ولد یاہو اورراہ گیر کی 45 سالہ خالد ولد شیرمحمد کے نام سے کرلی گئی ہے۔

(جاری ہے)

زخمیوں کو سول اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔اسپتال ذرائع کے مطابق چینی شہری کی حالت خطرے سے باہر ہے خدشہ ہے کے اسے گولی چھو کر گزری ہے یا گاڑی کا شیشہ لگنے سے چوٹ آئی۔اسپتال ذرائع کے مطابق شہری خالد کو پیٹ میں گولی لگی جس کی جان بچانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

فائرنگ کی اطلاع ملنے پر ڈی آئی جی سائوتھ جاوید اکبر ریاض ، ایس پی سٹی ابریز علی عباسی سمیت دیگرپولیس و رینجرزکے افسران و اہلکار موقع پرپہنچ گئے اورجائے وقوع کو گھیرے میں لیکر شواہد اکٹھا کرنا شروع کر دیئے ہیں۔ڈی آئی جی کراچی جنوبی جاوید اکبر ریاض نے میڈیا کو بتایا کہ لیاری میں چینی باشندے پر فائرنگ کا واقعہ ٹارگیٹڈ لگتا ہے۔

فائرنگ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کی گاڑی پر کی گئی تھی، چینی باشندہ شیشہ لگنے سے معمولی زخمی ہوا ہے۔ ڈی آئی جی سائوتھ نے بتایاکہ چینی باشندے سندھ سالٹ ویسٹ مینجمنٹ کی ٹیم کے ساتھ مختلف پروجیکٹ اور علاقوں میں جاتے ہیں اور منگل کو ان کا لیاری میں معمول کا دورہ تھا تاہم اس دورے کا پولیس کو کوئی علم نہیں تھا، واقعے کی تحقیقات جاری ہیں کہ اس میں کون لوگ ہیں اور انھوں نے کیوں فائرنگ کی یا کرائی پولیس کو جائے وقوعہ سے نائن ایم ایم پستول کے دوخول ملے ہیں جنہیں پولیس نے اپنی تحویل میں لے لیے ہیں اورخولوں کو تجزیے کے لیے فارنزک لیبارٹری بھجوادیا ہے جبکہ سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیجز بھی حاصل کرے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

۔ایس ایس پی لیاری سرفراز نواز شیخ کے مطابق فائرنگ کا واقعہ بغدادی تھانے کی حدود میں پیش آیا۔سرفراز نواز کے مطابق وہ ان دنوں چھٹی پر ہیں تاہم موصول اطلاعات کے مطابق انہوں نے بتایا کہ چینی باشندہ گاڑی کا شیشہ ٹوٹ کر لگنے سے زخمی ہوا۔ایس ایس پی سٹی کے مطابق موٹر سائیکل پر سوار دو نامعلوم مسلح ملزمان نے ان پر فائرنگ کی، فائرنگ سے گاڑی کے شیشے ٹوٹ گئے جبکہ غیرملکی زخمی ہوا، گولی لگنے سے ایک راہگیر بھی زخمی ہوا ہے، جائے وقوع سے نائن ایم ایم کے خول ملے ہیں۔

ایس ایس پی سٹی سرفراز نواز نے بتایا کہ فائرنگ سے زخمی چینی شہری سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ سے تعلق رکھتا ہے جو اپنے عملے کے ساتھ لیاری کے دورے پر نکلا تھا۔پولیس کے مطابق ڈکیتی کے دوران مزاحمت کرنے کے شواہد سامنے نہیں آئے ہیں۔ پولیس کے مطابق چینی باشندے صفائی کے سلسلے میں آتے جاتے رہتے ہیں، خوف و ہراس پھیلانے کی سازش معلوم ہوتی ہے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں