حلقہ این اے 249 ، ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں پر الیکشن کمیشن نے نوٹسز جاری کردیئے

الیکشن کمیشن نے امجد آفریدی کی مہم میں حصہ لینے پرپی ٹی آئی کے ارکان سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ اور ملک شہزاد اعوان کو نوٹسز جاری کر دیئے

پیر 19 اپریل 2021 13:15

حلقہ این اے 249 ، ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں پر الیکشن کمیشن نے نوٹسز جاری کردیئے
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اپریل2021ء) کراچی کے حلقہ این اے 249میں ضمنی الیکشن سے پہلے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں کا سلسلہ نہ تھم سکا، امجد آفریدی کی مہم میں حصہ لینے پر الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کے ارکان سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ اور ملک شہزاد اعوان کو نوٹسز جاری کر دیئے جبکہ پیپلزپارٹی کے رکن سندھ اسمبلی نوید انتھونی کو بھی وارننگ جاری کردی گئی ہے۔

کراچی میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 249 میں ضمنی الیکشن سے پہلے انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں کا سلسلہ نہ تھم سکا ،اس بار تنازع کی وجہ بنے سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ جو قواعد کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پی ٹی آئی امیدوار امجد آفریدی کی انتخابی مہم کے چلانے حلقے میں پہنچ گئے ۔

(جاری ہے)

انتخابی قواعد کی خلاف ورزی پر الیکشن کمیشن ایک بار پھر حرکت میں آیا اور پی ٹی آئی کے ارکان سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ اور ملک شہزاد اعوان کو وارننگ لیٹر ز جاری کردیئے جبکہ پیپلزپارٹی کے امیدوار قادرخان مندوخیل کی انتخابی مہم میں حصہ لینے پر رکن سندھ اسمبلی نوید انتھونی کو بھی وارننگ لیٹر دیدیا ہے ۔

اس سے پہلے الیکشن کمیشن نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر پی ٹی آئی کے سینیٹر فیصل واوڈا کو حلقے سے نکالنے کا حکم بھی دیا تھا اور خود امجد آفریدی بھی تین نوٹسز وصول کرچکے ہیں۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں