این اے 249 کا ضمنی انتخاب ; سندھ حکومت نے انتخاب ملتوی کرنے کا مطالبہ کر دیا

حلقے میں کورونا کا پھیلاؤ بہت زیادہ ہے، ایسے حالات میں کارنر میٹنگ، ریلیاں، جلسے، جلوس سے کیسز بڑھیں گے۔ سندھ حکومت کا مؤقف

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 20 اپریل 2021 11:19

این اے 249 کا ضمنی انتخاب ; سندھ حکومت نے انتخاب ملتوی کرنے کا مطالبہ کر دیا
کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 20 اپریل 2021ء) : سندھ حکومت نے این اے 249 کی نشست پر ہونے والے ضنی انتخاب کو ملتقی کرنے کا مطالبہ کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ صحت سندھ نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 249 میں انتخاب ملتوی کرنے کے لیے الیکشن کمیشن کو خط بھی لکھ دیا ہے۔ محکمہ صحت سندھ کی جانب سے خط میں کہا گیا کہ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 249 کے الیکشن ملتوی کردئیے جائیں، حلقے میں کورونا کا پھیلاؤ بہت زیادہ ہے، کراچی اور حیدرآباد میں کورونا کے پھیلاؤ کی شرح تین سے 8 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔

خط کے متن میں کہا گیا کہ اس وقت آئی سی یو اور ایچ ڈی یو میں 400 مریض زیر علاج ہیں، ایسے حالات میں کارنر میٹنگ، ریلیاں، جلسے، جلوس سے کیسز بڑھیں گے۔ محکمہ صحت سندھ کے الیکشن کمیشن کو بھیجے گئے خط کے مطابق انتخابی مہم میں دوسرے صوبوں سے بھی لوگوں کی آمدورفت جاری ہے، انتخابات ملتوی نہ کیے تو اموات میں اضافہ اور اسپتالوں میں جگہ کم ہونے کا خدشہ ہے۔

(جاری ہے)

خط کے مطابق کسی ناگہانی صورتحال سے بچنے کے لیے ضروری ہے کہ الیکشن کمیشن فیصلہ کرے، الیکشن سرگرمیاں کورونا صورت حال کو مزید خراب کرنے کا سبب بن سکتی ہیں۔ خط کے متن میں مزید کہا گیا کہ حکومت سندھ کا محکمہ صحت کورونا کی خراب صورت حال کا مقابلہ نہیں کرسکے گا، 29 اپریل کو ضمنی الیکشن کو کورونا لہر ٹوٹنے تک ملتوی کیا جائے۔ یاد رہے کہ واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے فیصل واڈا نے اپنی سینیٹ نشست کے لیے اسمبلی سے استعفی دیا تھا جس کے بعد یہ نشست خالی ہوگئی تھی۔

2018ء کے عام انتخابات میں فیصل واڈا نے مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کو انتہائی کم فرق سے اس نشست پر شکست دی تھی۔ تاہم اب این اے 249 میں ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ 29 اپریل 2021ء بروز جمعرات کو ہو گی۔ مسلم لیگ ن کے مفتاح اسماعیل، پیپلز پارٹی کے نثار کھوڑو، ایڈوکیٹ قادر خان مندوخیل، ایم کیو ایم کے یوسف عالم، تحریک انصاف کی لیلٰی پروین، سنی تحریک کے بلال قادری اور دیگر مد مقابل ہوں گے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں