عید الفطر اور ضمنی انتخابات کے اعلانات میں مماثلت پائی جاتی ہے نہ جانے جمعہ کی عید سے بچنے کا دور جہالت کا حربہ تو استعمال نہیں کیا گیا، قاری محمد عثمان

اعلان میں غیر معمولی تاخیر اور عین اعلان کے وقت کی ویڈیو کا وائرل ہونا لمحہ فکریہ ہے، جبکہ چیئرمین رویت ہلال کمیٹی کا اعلان جبر کی سی کیفیت کی عکاسی کرتا تھا

ہفتہ 15 مئی 2021 22:00

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 مئی2021ء) جمعیت علماء اسلام پاکستان کے رہنماء قاری محمد عثمان نے کہا کہ عید الفطر اور ضمنی انتخابات کے اعلانات میں مماثلت پائی جاتی ہے نہ جانے جمعہ کی عید سے بچنے کا دور جہالت کا حربہ تو استعمال نہیں کیا گیا۔ اعلان میں غیر معمولی تاخیر اور عین اعلان کے وقت کی ویڈیو کا وائرل ہونا لمحہ فکریہ ہے، جبکہ چیئرمین رویت ہلال کمیٹی کا اعلان جبر کی سی کیفیت کی عکاسی کرتا تھا۔

کراچی سمیت ملک بھر کے نامور علماء کرام اور ماہرین فلکیات کو عوام میں پائے جانے والے اضطراب کو دور کرنے کے لئے مشترکہ موقف کا اعلان کرنا ہوگا۔ وہ عید اور باسی عید پر ملاقات کیلئے آئے ہوئے جماعتی احباب سے گفتگو کررہے تھے۔ قاری محمد عثمان نے کہا کہ چیئرمین رویت ہلال کمیٹی جس تحریر کو پڑھ رہے تھے جمعہ، جمعرات پر مشابہت معنی خیز لگ رہی تھی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اگر واقعی ایک روزہ ضائع کیا گیا ہے تو بہت ہی ضروری ہے کہ پاکستان کے مقتدر علماء کرام اور ماہرین فلکیات قوم کو تذبذب سے نکالنے کیلئے اپنی متفقہ رائے کا اظہار کریں۔ انہوں نے کہا کہ رویت ہلال کمیٹی اور حکومت کو اپنی ملی بھگت سے قوم کو آگاہ کرنا ہوگا کہ کیا واقعی سعودیہ کے دورے کا مقصد عید ایک کرنا تھا یا شرعی تقاضوں کو پورا کرنے کے بعد گواہیاں قبول کی گئی ہیں۔

قاری محمد عثمان نے کہا کہ عام شنید تو یہ ہے کہ گواہی دینے کا طریقہ یہ رہا ہے کہ فلاں نے چاند دیکھا، مجھے فلاں نے کہا، فلاں نے فلاں کو کہا کہ چاند دیکھا ہے اگر ایسی گواہیوں کا سہارا لے کر اعلان کیا گیا ہو تو جہاں 23 کروڑ مسلمانوں کا ایک روزہ ضائع کیا گیا ہے وہاں بدترین خیانت اور ظلم پر خاموشی اختیار کرنا اس سے بڑا ظلم ہوگا۔ قاری محمد عثمان نے کہا کہ بہرحال چاند دیکھنے اور گواہی لینے کے مروجہ طریقوں پر اب پاکستان بھر کے مسلمانوں کا قطعی طور پر اعتماد نہیں رہا۔ ذمہ دار اداروں کو ان تمام طریقوں کو ختم کرکے قانون اور شریعت مطہرہ کی روشنی میں طریقہ کار وضع کرکے قوم کو تذبذب سے نکالنے کیلئے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں