سندھ اسمبلی میں اپوزیشن جماعت ایم کیو ایم،پاکستان تحریک انصاف ، جی ڈی اے نے صوبائی حکومت کے بجٹ کو مسترد کردیا

مراد علی شاہ نے شیخ چلی کی طرح قلابے ملائے سندھ بجٹ الفاظ کا گورکھ دھندا ہے، اپوزیشن نے سندھ دشمن بجٹ کے خلاف احتجاج کیا ہے، حلیم عادل شیخ ہم اس بجٹ کو نہیں مانتے،صحت اور تعلیم کے پیسے بڑھتے رہے لیکن محکموں کی کارکردگی نیچے جاتی رہی انکی حکومت جتنی طویل ہوتی جارہی ہے

منگل 15 جون 2021 22:37

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جون2021ء) سندھ اسمبلی میں اپوزیشن جماعت متحدہ قومی موومنٹ(ایم کیو ایم)،پاکستان تحریک انصاف ، جی ڈی اے نے صوبائی حکومت کے بجٹ کو مسترد کردیاہے۔بجٹ اجلاس کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حلیم عادل شیخ نے کہاکہ مراد علی شاہ نے شیخ چلی کی طرح قلابے ملائے سندھ بجٹ الفاظ کا گورکھ دھندا ہے، اپوزیشن نے سندھ دشمن بجٹ کے خلاف احتجاج کیا ہے،ہم اس بجٹ کو نہیں مانتے،صحت اور تعلیم کے پیسے بڑھتے رہے لیکن محکموں کی کارکردگی نیچے جاتی رہی انکی حکومت جتنی طویل ہوتی جارہی ہے سندھ بد سے بدتر ہوتا چلا جارہا ہے،مراد علی شاہ کو عدالتی ریمارکس کے بعد استعفی دے دینا چاہئے تھا،سندھ بجٹ میں صرف اعدادوشمار تبدیل کیے گئے ،تیرہ سالوں میں پیپلزپارٹی نے نہ ایک پانی کی بوند کا اضافہ کیا نہ ہی بس کا ،سندھ حکومت نے اکہتر ارب روپے کم ریوینیو جمع کیاہے اوروفاق کے خلاف باتیں کرتے ہیں، تیرہ سال میں سات ہزار ارب روپے سے زائد وفاق سے سندھ حکومت کو ملے ہیں۔

(جاری ہے)

ایم کیو ایم کے سینئر رہنما اور رکن سندھ اسمبلی خواجہ اظہار الحسن نے کہاکہ صوبائی حکومت کا بجٹ حکمران دوست اور سندھ دشمن ہے۔حکومتی ارکان سندھ کے لوگوں سے جھوٹ بولتے ہیں، غیر ترقیاتی بجٹ میں وزرا کی تنخواہ اور مراعات شامل ہیں،سندھ کو حکمرانوں سے خطرہ ہے،یہ بڑے بڑے ملکر میٹھا ہپ ہپ کریں گے ہم کسی کا حق نہیں ماریں گے لیکن اپنا حق بھی نہیں چھوڑیں گے۔

انہوں نے وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ پر زمینوں کی بندر بانٹ کا الزام عائد کیا۔انہوں نے کہاکہ سندھی مہاجر خطرہ نہیں ہیں سندھ حکومت نے دونوں اکائیوں کو ایک دوسرے کے لئے خطرہ بنادیا ہے۔ایم کیوایم کے رکن محمد حسین نے کہاکہ یہ وفاق کو الزم دیتے رہیتے ہیں جبکہ سندھ نے 72ارب روپے اس سال کم جمع کیے ہیں،23194کروڑ کاترقیاتی بجٹ تھاسندھ حکومت صرف 73ارب روپے خرچ کرسکی ہے ان کا کہنا تھا کہ نئے مالی سال میں 329کاترقیاتی بجٹ اس لیے رکھا ہے کہ کرپشن کی جائے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں