ٹاک شو میں گرماگرمی، قادرمندوخیل نے فردوس عاشق اعوان کیخلاف پولیس کو درخواست دیدی

فردوس عاشق اعوان کے خلاف ہراسانی، قتل کی دھمکیاں اور تشدد کرنے کی دفعات کا مقدمہ درج کرنے کی استدعا کردی

Sajid Ali ساجد علی اتوار 20 جون 2021 11:41

ٹاک شو میں گرماگرمی، قادرمندوخیل نے فردوس عاشق اعوان کیخلاف پولیس کو درخواست دیدی
کراچی ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 20 جون 2021ء ) ٹاک شو میں گرماگرمی کے معاملے پر قادر مندوخیل نے فردوس عاشق اعوان کے خلاف مقدمے کیلئے درخواست دے دی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی قادر خان مندوخیل کی جانب سے وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کے خلاف مقدمے کے اندراج کی درخواست دائر کی گئی ہے ، قادر مندوخیل نے یہ درخواست کراچی کے ضلع کیماڑی کے تھانے سعید آباد میں جمع کروائی۔

جس میں پی پی پی رہنماء نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ فردوس عاشق اعوان نے ٹی وی شو کے دوران انھیں تھپڑ مارا ، گالیاں اور دھمکیاں دیں ، جس کی بناء پر درخواست میں فردوس عاشق اعوان کے خلاف ہراسانی، قتل کی دھمکیاں اور تشدد کرنے کی دفعات کا مقدمہ درج کرنے کی استدعا کی گئی۔

(جاری ہے)

قبل ازیں معاون خصوصی اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے پیپلزپارٹی کے رکن قومی اسمبلی قادر مندوخیل کو ہرجانے کا لیگل نوٹس بھجوا دیا، بغیر ثبوت کرپشن کے الزامات لگائے گئے جن کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں، معافی نہ مانگی گئی تو ہتک عزت آرڈیننس کے تحت کاروائی کریں گے ، نوٹس کے متن میں کہا گیا کہ قادر مندوخیل نے پروگرام میں بدسلوکی، ہراساں کرنے اور الزامات لگائے ، بغیر ثبوت کرپشن کے الزامات لگائے گئے جن کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔

قادر مندوخیل الزامات کو واپس لیں اور 14 روز میں غیرمشروط معافی مانگیں ، اگر مندوخیل نے معافی نہ مانگی تو ہتک عزت آرڈیننس 2020کے تحت کاروائی کریں گے۔ خیال رہے کہ نجی ٹی وی کے پروگرام میں معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان اور پیپلزپارٹی کے ایم این اے قادر مندوخیل کے درمیان بحث و مباحثہ ، تلخ کلامی کے بعد نوبت ہاتھا پائی تک جاپہنچی ، فردوس عاشق اعوان نے تلخ کلامی کے دوران مندوخیل کے منہ پر تھپڑ رسید کردیا لیکن مندوخیل نے اس کے جواب میں کوئی مزاحمت نہیں کی۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں