حکومت کا امتحانات میں کم نمبر لینے والے طالب علموں کو اضافی نمبر دے کر پاس کرنے کا فیصلہ

نویں ،دسویں ، گیارہویں اور بارہویں جماعت کے طلبا کو امتحانات میں فیل نہیں کیا جائے گا ،33 فیصد سے کم نمبر حاصل کرنے والے طالب علموں کو اضافی نمبر دے کر پاس کر دیا جائے گا، وزیر تعلیم سندھ سعید غنی

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری اتوار 20 جون 2021 21:25

حکومت کا امتحانات میں کم نمبر لینے والے طالب علموں کو اضافی نمبر دے کر پاس کرنے کا فیصلہ
کراچی (اُردو پوائنٹ، اخبار تازہ ترین، 20جون 2021) نویں سے بارہویں جماعت کے طالب علموں کو فیل نہیں کیا جائے گا، حکومت سندھ کا امتحانات میں کم نمبر لینے والے طالب علموں کو اضافی نمبر دے کر پاس کرنے کا فیصلہ۔ تفصیلات کے مطابق وزیر تعلیم سندھ سعید غنی کا کہنا ہے کہ نویں ،دسویں ، گیارہویں اور بارہویں جماعت کے طلبا کو اس بار امتحانات میں فیل نہیں کیا جائے گا۔

وزیر تعلیم سندھ سعید غنی کی جانب سے طلباء کے لیے بڑا اعلان کیا گیا جس کے مطابق نویں ،دسویں ، گیارہویں اور بارہویں جماعت کے طلبا کو امتحانات میں فیل نہیں کیا جائے گا ۔جس کے نمبر 33 فیصد سے کم ہوئے اس کو اضافی نمبر دے کر پاس کر دیا جائے گا ۔وزیر تعلیم نے مزید بتایا کہ امتحانات کا فارمیٹ تبدیل اور نصاب بھی کم کر دیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

دوسری جانب سند ھ کےتعلیمی اداروں میں موسم گرما کی چھٹیوں سے متعلق اسٹیرنگ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں سندھ کے تعلیمی اداروں میں موسم گرما کی تعطیلات نہ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ گرمی بڑھنےکی صورت میں موسم گرما کی چھٹیاں دی جاسکتی ہیں۔

واضح رہے کہ محکمہ تعلیم سندھ نے دسویں اور بارہویں جماعت کے امتحانات کی تاریخوں کا اعلان کردیا، دسویں جماعت کے امتحان5 جولائی اور بارہویں کے26 جولائی سے شروع ہوں گے، امتحان کا دورانیہ ایک گھنٹہ کم کردیا گیا ہے، امتحانی پرچہ 50 فیصد ایم سی کیوز پر مشتمل ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ تعلیم سندھ کی اسٹیرنگ کمیٹی کا اجلاس ہوا، اجلاس میں کمیٹی کے فیصلوں کے پیش نظر دسویں اور بارہویں جماعت کے امتحانات کی تاریخوں کا اعلان کردیا گیا ہے۔

امتحانی تاریخوں اور پرچے کا دورانیہ اور پرچے میں سوالات سے متعلق نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔ نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ دسویں جماعت کے امتحان5 جولائی اور بارہویں کے26 جولائی سے ہوں گے۔ اسی طرح نویں اور گیارہویں جماعتوں کے امتحانات دسویں اور ارہویں جماعت کے امتحانات کے بعد منعقد کیے جائیں گے۔امتحانی پرچے 50 فیصد ایم سی کیوز، 30 فیصد مختصر اور20 فیصد طویل جوابات پر مشتمل ہوں گے۔

امتحان کا دورانیہ ایک گھنٹہ کم کردیا گیا ہے۔ تین گھنٹے کے دورانیے والا امتحان 2 گھنٹے اور 2 گھنٹے والے امتحان کا دورانیہ ایک گھنٹہ کردیا گیا ہے۔ اسی طرح چوتھی جماعت سے آٹھویں جماعت تک کے امتحانات اسکولوں اپنی سہولت کے تحت لینے کی اجازت ہے۔ سندھ ٹیکنیکل بورڈ میں دسویں جماعت کے امتحان 6 جولائی اور بارہویں کے27 جولائی سے شروع ہوں گے۔

دوسری جانب لاہور سمیت پنجاب بھر کے سرکاری سکولوں میں پہلی سے آٹھویں جماعت کے امتحانات کا آغاز ہوگیا، رواں سال 80 لاکھ سے زائد طلبا امتحان دیں گے۔ تفصیلات کے مطابق کورونا کے باعث پچاس فیصد بچوں کا ایک روز اور پچاس فیصد کا اگلے روز امتحان لیا جائے گا۔ امتحانات کا سلسلہ 30 جون تک جاری رہے گا اور بچوں کے نتائج کا اعلان 10 جولائی کو کیا جائے گا۔امتحانات سخت ایس او پیز کے تحت لیے جائیں گے ایس او پیز کیخلاف ورزی پر متعلقہ ہیڈز کیخلاف کاروائی ہوگی۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں