سندھ کے اندر گیس کا بحران شدت اختیار کر چکا ہے، جو نہایت ہی افسوس ناک عمل ہے، شازیہ مری

وفاق یہ نہ سمجھے کہ سندھ کے ساتھ زیادتی کرنے سے فیڈریشن مضبوط ہوگی اس سے وفاق کمزور ہوگا،سیکرٹری اطلاعات پیپلزپارٹی پارلیمنٹرینز

بدھ 23 جون 2021 23:14

سندھ کے اندر گیس کا بحران شدت اختیار کر چکا ہے، جو نہایت ہی افسوس ناک عمل ہے، شازیہ مری
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جون2021ء) پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹرینزکی مرکزی اطلاعات سیکرٹری ورکن قومی اسمبلی شازیہ مری نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر صوبہ سندھ میں گیس بحران پر جاری کردہ ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ سندھ کے اندر گیس کا بحران شدت اختیار کر چکا ہے جو کہ وفاقی حکومت کا نہایت ہی افسوس ناک عمل ہے اور سندھ وہ صوبہ ہے جو پاکستان میں 60 سے 70 فیصد گیس پیدا کرتا ہے، آئین پاکستان کے آرٹیکل 158 کے مطابق جس صوبے سے گیس کی پیداوار ہوگی پہلے اس کی ضرورت کو پورا کیا جائے گا۔

شازیہ مری نے کہا کہ ایک عرصے سے صوبہ سندھ کے ساتھہ گیس بحران کی زیادتی کی جارہی ہے اور صوبہ سندھ کو اسکی ضرورت کے مطابق گیس فراہم نہیں کی جارہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کراچی سمیت دیگر شہروں میں گیس کی قلت کا سامنا ہے اور گھریلو صارفین بھی پریشان ہے۔

(جاری ہے)

مرکزی اطلاعات سیکریٹری پیپلزپارٹی نے کہا کہ اب تو حد یہ ہے کہ سوئی سدرن گیس نے صوبہ سندھ کے صنعتوں کو گیس فراہمی بھی بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے، وفاقی حکومت کی یہ جو حرکت ہے وہ قابل افسوس اور قابل مذمت ہے۔

شازیہ مری نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت یہ نہ سمجھے کہ سندھ کے ساتھ زیادتی کرنے سے فیڈریشن مضبوط ہوگی بلکہ اس سے وفاق کمزور ہوگا، لہذا ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ آئین پاکستان کے آرٹیکل 158 کے مطابق صوبہ سندھ کو گیس فراہم کی جائے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں