کراچی : چور نجی بینک سے 250 تولے سونا لے اڑے ، مزید کئی لاکرز بھی ٹوٹنے کا انکشاف

لاکرز میں سے کروڑوں روپے مالیت کی غیر ملکی کرنسی ، سونا اور زیورات چوری کیے گئے ، بینک کی اسی برانچ میں پہلے بھی اس طرح کی وارداتیں ہوچکی ہیں تاہم کسی کا بھی مقدمہ درج نہیں کروایا گیا، جس نے کئی سوالات کھڑے کردیے۔ ذرائع

Sajid Ali ساجد علی جمعہ 25 جون 2021 10:57

کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 25 جون 2021ء ) صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں چور نجی بینک سے 250 تولے سونا لے اڑے ، تحقیقات کے دوران بینک کے 7 مزید لاکرز بھی ٹوٹے ہونے کا انکشاف ہوگیا۔ تفتیشی ذرائع کہتے ہیں کہ اسٹرانگ روم کے معائنہ کے دوران دیگر تمام لاکرز چیک کیے گئے تو ان میں سے مزید لاکرز پہلے جیسی نوعیت کی واردات کی طرح ٹوٹے ہوئے پائے گئے ، جن کے مالکان سے رابطہ کرنے کیلئے بینک کو آگاہ کردیا گیا ، لاکرز میں سے کروڑوں روپے مالیت کی غیر ملکی کرنسی ، سونا اور زیورات چوری کیے گئے ، پولیس نے لاکر مالکان کی تلاش شروع کر دی ، مالکان سامنے آنے کے بعد ہی نقصان کا تخمینہ لگایا جائے گا جب کہ بینک میں مجموعی طور پر 400 سے زائد لاکرز ہیں ، لاکرز کے نمبرز کی فہرست تیار کرلی گئی۔

(جاری ہے)

پولیس کے مطابق ٹوٹے ہوئے لاکرز کے مالکان کے آنے کے بعد نقصانات کی تفصیلات جمع کی جائیں گی جس کے بعد مقدمات درج کیے جائیں گے کیوں کہ اسی برانچ میں کچھ عرصہ قبل لاکرز توڑے جانے اور اس سے ایک لاکھ ڈالر چوری کی واردات کا مقدمہ درج نہیں کروایا گیا ، رواں سال اسی برانچ کا ایک اور لاکر توڑ کر 30 لاکھ روپے مالیت کا سونا بھی چوری ہوچکا ہے ، اس واردات کی ایف آئی آر بھی کلفٹن تھانے میں درج نہیں ہے جب کہ تقریباً ایک سال قبل بینک کی اسی برانچ میں آتشزدگی کا ایک واقعہ بھی ہوا تھا جس کی رپورٹ بھی تھانے میں درج نہیں کروائی گئی۔

دوسری طرف ڈاکو کمشنر کراچی کی والدہ سے سونا ‘ نقدی اور پرائز بانڈ لوٹ کر فرار ہوگئے ، صوبہ سندھ کے دارلحکومت کراچی کے علاقے سمن آباد میں کمشنر کراچی کی والدہ کے گھر 6 ڈاکو یہ کہہ کر داخل ہوئے کہ ہم کمشنر کراچی کے دفتر سے آئے ہیں ، اس وقت ڈرائیور، ملازمہ اور کمشنر کراچی کی والدہ گھر میں موجود تھیں ، گھر میں داخل ہونے کے بعد ملزمان نے اسلحہ کے زور پر اہلخانہ کو یرغمال بنالیا جس کے بعد ڈاکو سونا، نقدی اور پرائز بانڈ لوٹ کر باآسانی فرار ہوگئے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں