کورونا وائرس کی روک تھام کے لئے ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے، صدر مملکت عارف علوی

جتنی جلد ممکن ہوسکے عوام ویکسین لگوائیں، عوام این سی او سی کی ہدایات پر سختی سے عملدرآمد کریں محرم الحرام کے ایام میں مذہبی مقامات اوراجتماعات میں ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے، اس مشکل وقت میں عوام ذمہ داری کا مظاہرہ کریں

ہفتہ 24 جولائی 2021 21:53

کورونا وائرس کی روک تھام کے لئے ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے، صدر مملکت عارف علوی
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جولائی2021ء) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی روک تھام کے لئے ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے، جتنی جلد ممکن ہوسکے عوام ویکسین لگوائیں، عوام این سی او سی کی ہدایات پر سختی سے عملدرآمد کریں۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی زیر صدارت گورنرہائوس میں اعلی سطحی اجلاس منعقد ہوا۔

اس موقع پر گورنرسندھ عمران اسماعیل اور وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی اور خصوصی اقدامات اسد عمر بھی موجود تھے۔صدر مملکت نے ہدایت کی کہ گورنرسندھ محرم الحرام سے قبل مختلف مکاتب فکر کے علما کے ساتھ اجلاس کا انعقاد کریں۔ انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے ایام میں مذہبی مقامات اوراجتماعات میں ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے، اس مشکل وقت میں عوام ذمہ داری کا مظاہرہ کریں، موثر حکمت عملی کے ذریعہ سے ہی غربت کا خاتمہ اور پائیدار ترقی ممکن ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کراچی اور صوبہ کے دیگر اضلاع کی ترقیاتی اسکیموں کے حوالہ سے وفاقی حکومت کی کاوشیں قابل ستائش ہیں۔ اجلاس میں رکن قومی اسمبلی جے پرکاش، رکن سندھ اسمبلی فردوس شمیم نقوی، سعید آفریدی، خرم شیر زمان، بلال غفار اور سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ بھی شریک تھے۔وفاقی وزیر نے کورونا وائرس کی صورتحال خصوصا چوتھی لہر میں انڈین وائرس کی موجودگی کے حوالہ سے صدر مملکت کو تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔

وفاقی وزیر اسد عمر نے وفاقی فنڈنگ سے جاری ترقیاتی اسکیم اور صوبہ کے لئے مستقبل کے منصوبوں سے متعلق بریفنگ بھی دی۔ اس موقع پر گورنرسندھ نے کہا کہ عوام ماسک کا استعمال کریں ، رش سے دور رہیں اور ویکسین ضرور لگوائیں۔ انہوں نے کہا کہ پائیدار منصوبہ اور اقدامات سے صوبہ کے ماحولیاتی، معاشی اور سماجی مسائل کا حل یقینی بنانا ہے۔وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی اور خصوصی اقدامات اسد عمر نے اجلاس کو بتایا کہ وفاقی حکومت صوبہ سندھ میں پائیدار ترقی کے ایجنڈے پر کام کررہی ہے، دو جہتی حکمت عملی کے ذریعہ بڑے شہروں اور سیاحتی مقامات پر سختی سے ایس او پیز پر عملدرکرارہے ہیں۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں