سندھ کا خواب دیکھنے والے ملک بھر میں مسترد ہوں گے، نثار کھوڑو

عوام آئندہ انتخابات میں پی ٹی آئی کو ملک بھر میں شکست دیں گے،رہنما پیپلزپارٹی کا شیخ رشید کی پریس کانفرنس پرردعمل

پیر 26 جولائی 2021 21:27

سندھ کا خواب دیکھنے والے ملک بھر میں مسترد ہوں گے، نثار کھوڑو
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 جولائی2021ء) پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو نے کہا ہے کہ سندھ میں حکومت بنانے کا خواب دیکھنے والوں کو عوام آئندہ انتخابات میں سندھ تو کیا ملک بھر میں مسترد کردیں گے۔پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو نے وزیر داخلہ شیخ رشید کی پریس کانفرس پر رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ صوبوں کے حقوق پر ڈاکہ ڈالنے اور عوام کو مہنگائی کی چکی میں پیسنے والی پی ٹی آئی سرکار آئندہ انتخابات میں سندھ میں حکومت حکومت بنانے کے خواب دیکھ رہی ہے۔

نثار کھوڑو نے کہا کہ عوام آئندہ انتخابات میں پی ٹی آئی کو ملک بھر میں شکست دیں گے، عوام آئندہ انتخابات میں دھاندھلی کا مقابلہ کریں گے اور کسی کو ووٹ پر ڈاکہ ڈالنے نہیں دیں گے، آئندہ انتخابات میں سلیکٹڈ پی ٹی آئی کا ملک بھر سے صفایہ ہوگا، آئندہ انتخابات میں عوام کی طاقت سے بلاول بھٹو زرداری کو وزیراعظم بنائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عوام سے جینے کا حق چھیننے والی پی ٹی آئی سرکار کی اصلیت سب کے سامنے عیاں ہوچکی ہیں۔

نثار کھوڑو نے کہا کہ ملک پر تبدیلی کے نام پر سلیکٹڈ، جھوٹے، بدزبان اور عوام دشمن حکمران مسلط کریئے گئے ہیں، تبدیلی کے نام پر پی ٹی آئی کو ووٹ دینے والے بھی اب شرمندہ ہو چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سندھ کو این ایف سی، پانی، بجلی، گیس اور دیگر حقوق سے محروم رکھنے والی یہ پی ٹی آئی کی وفاقی حکومت ہے، سندھ کے حقوق پر ڈاکہ ڈال کر سندھ کے عوام سے جینے کا حق چھیننے والی بھی یہ وفاقی سرکار ہے، عوام جان چکے ہیں کے سندھ اور سندھ کے عوام سے سوتیلی ماں جیسا سلوک رکھنے والی کوئی اور نہیں پی ٹی آئی کی وفاقی سرکار ہے۔

رہنما پیپلزپارٹی نے کہا کہ کشمیر انتخابات میں الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کی بی ٹیم کا کردار ادا کیا ہے، آزاد کشمیر الیکشن کمیشن نے پولنگ اسٹیشنوں پر پی ٹی آئی کی دھاندھلی اور گنڈہ گردی اور دیگر شکایات کا کوئی نوٹس نہیں لیا، الیکشن کمیشن نے آزاد کشمیر میں وفاقی وزرا کی موجودگی پر کوئی ایکشن نہیں لیا اور پی ٹی آئی سرکار کی آلہ کار بنی رہی۔

نثار کھوڑو نے الیکشن کمیشن پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اب ہر جگہ الیکشن کمیشن کی خودمختاری سوالیہ نشان بن چکی ہے، اگر آزاد کشمیر میں شفاف انتخابات ہوتے تو پیپلز پارٹی اکثریت سے کامیابی حاصل کرتی، کشمیر انتخابات میں عوام نے دھاندھلی کا مقابلہ کرکے پیپلز پارٹی کو 11نشستوں پر کامیابی دلائی جس پر عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔انہوںنے کہاکہ پی ٹی آئی کی عوام دشمن پالیسیوں اور کرتوتوں کو ہر جگہ بے نقاب کریں گے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں