آصف علی زرداری کی 66 ویں سالگرہ پرپیپلزپارٹی کے تحت کراچی سمیت سندھ بھرمیں سالگرہ تقاریب کا اہتمام کیا گیا اورکیک کاٹے گئے

پیر 26 جولائی 2021 23:16

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 جولائی2021ء) پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹرینز کے شریک چیئرمین ،سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری کی 66 ویں سالگرہ پرپیپلزپارٹی کے تحت کراچی سمیت سندھ بھرمیں سالگرہ تقاریب کا اہتمام کیا گیا اورکیک کاٹے گئے۔پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے والد آصف علی زرداری کی سالگرہ کے موقع پر ان کی یادگار و نایاب تصاویرسماجی رابطے کی ویب سائٹ پر شیئر کیں اور سالگرہ کی مبارکباد دی۔

بلاول بھٹو نے بہن بختاور بھٹو زرداری کے ٹوئٹ کو ری ٹوئٹ کرتے ہوئے والد کی والدہ کے ہمراہ اور اپنے ساتھ چند نایاب تصاویر شیئر کیں۔انہوں نے لکھا کہ صدر آصف علی زرداری، مردِ حر کو سالگرہ کی مبارک ہو۔بلاول بھٹو نے ہیپی برتھ ڈے آصف علی زرداری کا ہیش ٹیگ بھی استعمال کیاجس کا استعمال کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے کارکنان اور دیگر سوشل میڈیا صارفین نے سابق صدر آصف علی زرداری کو سالگرہ کی مبارکباد پیش کی۔

(جاری ہے)

سابق وزیر اعظم محترمہ بینظیر بھٹو کی صاحبزادی بختاور بھٹو زرداری نے والد آصف علی زرداری کی سالگرہ کے موقع پر شیئر کیے جانے والے پیغام میں کہا کہ میرے والد کبھی خوف سے دبک کر نہیں بیٹھے، وہ جمہوریت کے لیے جد و جہد کی اعلی مثال ہیں۔بختاور بھٹو زرداری نے اپنے والد آصف علی زرداری کی 14مئی 1991 کی ایک یادگار تصویر بھی شیئرکی جس میں ننھی بختاور پولیس وین میں بیٹھے اپنے والد سے ہاتھ ملا رہی ہیں۔

بختاور بھٹو زرداری نے تصویر شیئر کرتے ہوئے والد کی بہادری اور جرات پر انہیں خراج تحسین پیش کیا، بختاور بھٹو نے لکھا کہ بہادری کے ساتھ خود پر لگنے والے سب ہی الزامات کا سامنا کیا، شہید ذوالفقار علی بھٹو کو قید میں رکھا گیا اور مار دیا گیا، یہ سب ایک وزیر اعظم کے ساتھ کیا گیا، کوئی نہیں جانتا تھا کہ ضیا ملک کے ساتھ کیا کرے گا۔انہوں نے مزید لکھا ہے کہ ان کے والد ڈرپوک نہیں تھے ، نہ ہی خوف کے مارے چھپ کر بیٹھنے والوں میں سے ہیں۔

بختاور بھٹو نے کہا کہ ان کی والدہ اور والد جد و جہد اور جمہوریت کی اعلی مثال ہیں اور تاریخ نے یہ ثابت کیا ہے۔سابق وزیر اعظم محترمہ بینظیر بھٹو اور سابق صدر آصف علی زرداری کی صاحبزادی آصفہ بھٹو زرداری نے والد کی سالگرہ پر کہا کہ والد کے ظلم کے سامنے ڈٹ کر کھڑنے ہونے نے ہمیں لفظ جرات کے حقیقی معنی سمجھائے۔آصفہ بھٹو نے بہن بختاور بھٹو کی ٹوئٹ کو ری ٹوئٹ کرتے ہوئے والد کو سالگرہ کی مبارکباد دی۔

انہوں نے لکھا کہ ایک ایسے والد کو سالگرہ کی مبارکباد جنہوں نے ہمیں بتایا حقیقی ہمت وہی ہے کہ جب آپ ظلم کے خلاف ڈٹ کر کھڑے ہوں۔آصفہ بھٹو نے یہ بھی لکھا کہ لوگوں کی جانب سے لگائی جانے والی تہمت اور ظلم و ستم کے خلاف اٹھ کھڑے ہونا ہی حقیقی جرات ہے۔پیپلزپارٹی کراچی ڈویژن کے صدرصوبائی وزیرسعید غنی،سیکریٹری جنرل جاوید ناگوری،ڈپٹی سیکریٹری اطلاعات آصف خان ، ضلعی عہدیداروں اورکارکنان نے سابق صدرکوان کی سالگرہ پرمبارکباد پیش کی ہے۔

چیئرمین ڈسٹرکٹ کونسل کراچی سلمان عبداللہ مراد کی جانب سے سابق صدرکی سالگرہ پر ملیر میں 66 پانڈ وزنی کیک کاٹا گیا اورسابق صدرکوسالگرہ کی مبارکباد دی گئی ہے۔واضح رہے کہ 26 جولائی کو پاکستان کے سابق صدر آصف علی زرداری نے اپنی 66ویں سالگرہ منائی ہے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں