بغیر ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ پی آئی اے کے فضائی میزبانوں کی ڈیوٹی پرپابندی عائد

یکم اگست سے بغیر سرٹیفکیٹ پرواز پر تعیناتی نہیں کی جائے گی، فضائی میزبانوں کے ڈیوٹی فری شاپ جانے پر بھی پابندی ہوگی۔ فلائٹ سروسز

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 27 جولائی 2021 20:41

بغیر ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ پی آئی اے کے فضائی میزبانوں کی ڈیوٹی پرپابندی عائد
کراچی (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔27 جولائی2021ء) قومی ایئرلائن پی آئی اے نے بغیر ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ فضائی میزبانوں کی ڈیوٹی پرپابندی عائد کردی، یکم اگست سے بغیر سرٹیفکیٹ پرواز پر تعیناتی نہیں کی جائے گی، فضائی میزبانوں کے ڈیوٹی فری شاپ جانے پر بھی پابندی ہوگی۔ تفصیلات کے مطابق قومی ایئرلائن پی آئی اے نے کورونا ایس اوپیز پر عملدرآمد کروانے کیلئے مزید سختی کردی ہے، کورونا وائرس کی چوتھی لہر کے باعث فضائی میزبانوں کیلئے ویکسی نیشن لازمی قرار دے دی گئی ہے، جس کے باعث ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ کے بغیر پی آئی اے فضائی میزبانوں کے ڈیوٹی کرنے پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔

حکومتی ہدایات کے تحت یکم اگست سے بغیرسرٹیفکیٹ اندرون ملک پرواز پر تعیناتی نہیں کی جائے گی۔

(جاری ہے)

کورونا سے بچاوَ کے ضمن میں فضائی میزبانوں کے ڈیوٹی فری شاپ جانے پر بھی پابندی عائد کردی گئی ہے۔ اس حوالے سے پی آئی اے کے شعبہ فلائٹ سروسز نے نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے،ویکسین کی ایک یا دو ڈوز کا حامل ہونے پر مبنی نادرا کا سرٹیفکیٹ لازمی قرار دیا گیا ہے۔

یاد رہے رواں ماہ جولائی میں پاکستان میں عالمی وبا کورونا سے ہلاکتوں کا تناسب پوری دنیا سے زیادہ رہا۔ وفاقی وزارت صحت کے اعداد و شمار کے مطابق جولائی کے دوران دنیا بھر میں کورونا سے اموات کی شرح 2.15 سے 2.17 جبکہ پاکستان میں 2.30 سے 2.37 فیصد کے درمیان ریکارڈ کی گئی۔ پاکستان میں کورونا کی چوتھی لہر زیادہ خطرناک قرار دی گئی ہے جس دوران لوگ تیزی سے وائرس کا شکار ہو رہے ہیں اور اسپتالوں میں گنجائش ختم ہوتی جا رہی ہے۔

ماہرین صحت نے خبردار کیا ہے کہ اگر عوام نے ویکسین لگانے اور ایس او پیز عمل کرنے میں غفلت دکھائی تو یہ شرح مزید بڑھے گی۔ گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے 39 افراد جاں بحق ہوگئے۔ جس کے بعد اموات کی تعداد 23 ہزار 87 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 10 لاکھ 11 ہزار 708 ہوگئی۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 6.6 فیصد رہی۔

ملک بھر میں اب تک ایک کروڑ 57 لاکھ 66 ہزار 473 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 49 ہزار 412 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 9 لاکھ 28 ہزار 722 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 2 ہزار 722 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔ وزرات صحت کے حکام کے مطابق سائنو ویک کی 30 لاکھ خوراکوں کی کھیپ اسلام آباد پہنچی ، سائنو ویک کی یہ کھیپ حکومت کی جانب سے خریدی گئی۔ حکام وزارت صحت ویکسین پی آئی اے کی خصوصی پرواز کے ذریعے اسلام آباد پہنچائی گئی ہے۔ سائنو ویکسین کی 30 لاکھ خوراکیں وزارت صحت کو فراہم کر دی گئی ہیں ، ویکسین ڈیمانڈ کے مطابق وفاق کی اکائیوں کو تقسیم کی جائے گی۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں