غیر رجسٹرڈ یا اپلائیڈ فار گاڑیوں کے خلاف کارروائی کرنے کا فیصلہ

غیر رجسٹریشن گاڑیوں پر مسلح گارڈز بیٹھے نظر آتے ہیں ، اس قسم کی گاڑیوں کو بند کیا جائے۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد شاہ نے ہدایت جاری کردی

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 29 جولائی 2021 13:29

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 29 جولائی2021ء) غیر رجسٹرڈ یا اپلائیڈ فار گاڑیوں کے خلاف کارروائی کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت اپیکس کمیٹی کا اجلاس ہوا ، جس میں غیر رجسٹرڈ یا اے ایف آر والی گاڑیوں کے خلاف کارروائی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ، اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ غیر رجسٹریشن گاڑیوں پر مسلح گارڈز بیٹھے نظر آتے ہیں ، اس قسم کی گاڑیوں کو بند کیا جائے۔

بتایا گیا ہے کہ اجلا س میں وزیراعلیٰ سندھ نے پولیس کو اسلحے کی سپلائی لائن ختم کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ ڈاکو اور کالعدم تنظیموں کے درمیان رابطوں پر کڑی نظر رکھیں ، وزیراعلیٰ سندھ نے کچے کے علاقے میں روڈ نیٹ ورک قائم کرنے کابھی فیصلہ کیا۔

(جاری ہے)

دوسری طرف محکمہ صحت سندھ نے صوبے میں 15 دن کے لاک ڈاوَن کی سفارش کردی ہے،کراچی میں کورونا کیسز کی شرح30 فیصد سے تجاوز کرگئی ہے، جمعے کو سندھ میں لاک ڈاوَن کے حوالے سے اہم فیصلے متوقع ہیں ، ذرائع صوبائی ٹاسک فورس کے مطابق کراچی میں کورونا کیسز کی شرح30 فیصد سے تجاوز کرگئی ہے، جس پر طبی ماہرین اور محکمہ صحت نے حکومت سندھ کو 15 دن کے لاک ڈاوَن کی سفارش کردی ہے، حکومت سندھ نے مکمل لاک ڈاوَن لگانے کیلئے این سی اوسی سے رابطہ کرلیا ہے ، جمعہ کو کورونا صوبائی ٹاسک فورس کے اجلاس کی صدارت وزیراعلیٰ سندھ کریں گے، اجلاس میں صوبے میں لاک ڈاوَن کے حوالے سے اہم فیصلے متوقع ہیں۔

علاوہ ازیں عالمی وباء کورونا وائرس کی چوتھی لہر میں تیزی کے باعث کراچی میں شام 6 بجے کے بعد گھر سے باہر نکلنے پر مکمل پابندی لگانے کی ہدایت کردی گئی، شہر قائد میں کرونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر وزیر اعلیٰ سندھ کی جانب سے شہر میں شام 6 بجے کے بعد مکمل طور پر پابندی لگانے کی ہدایت کی گئی ہے ، سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ کراچی میں شام 6 بجے کے بعد مکمل پابندی لگائی جائے ، کوئی غیر ضروری طور پر گھر سے باہر نہ نکلے ، مجھے پتہ چلا ہے ٹیوشن سینٹرز چل رہے ہیں ان کو بھی فوری بند کریں ، جمعہ کے دن کرونا کی صورتحال کا دوبارہ جائزہ لوں گا اگر صورتحال میں بہتری نہ آئی تو مزید اقدامات کریں گے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں