وزیراعلیٰ سندھ کا مذہبی ہم آہنگی کو فروغ اور تقویت دینے کیلئے مختلف مکاتب فکر کے علما کرام کے ساتھ اجلاس

صورتحال بہت سنگین ہے ، لہذا فرقہ وارانہ سوچ سے قطع نظر ہمیں اپنی صفوں میں اتحاد قائم کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ایک دوسرے کا احترام کرنا ہوگا، وزیراعلیٰ

جمعرات 29 جولائی 2021 22:38

وزیراعلیٰ سندھ کا مذہبی ہم آہنگی کو فروغ اور تقویت دینے کیلئے مختلف مکاتب فکر کے علما کرام کے ساتھ اجلاس
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 جولائی2021ء) کورونا وائرس کی خطرناک چوتھی لہر میں اضافے ، افغانستان صورتحال اور جاری مون سون سیزن کے سبب وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے مذہبی ہم آہنگی کو فروغ اور تقویت دینے کے لئے مختلف مکاتب فکر کے علما کرام کے ساتھ اجلاس منعقد کیا ۔ وزیراعلی سندھ نے کہاکہ حکومت کی جانب سے جاری کردہ ضابطہ اخلاق کے مطابق عاشورہ منائیں۔

یہ بات انہوں نے جمعرات کے روز وزیراعلی ہاس میں مختلف مکاتب فکر کے علما کرام کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں وزیر بلدیات سید ناصر شاہ ، مشیر قانون مرتضی وہاب ، وزیراعلی سندھ کے معاون خصوصی وقار مہدی ، چیف سیکرٹری ممتاز شاہ ، ڈی جی رینجرز میجر جنرل افتخار حسین ، ایڈیشنل آئی جی اسپیشل برانچ غلام نبی میمن اور ایڈیشنل آئی جی کراچی عمران منہاس نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

علما کرام میں صدر جعفریہ پاکستان مولانا سید جعفر نقوی ، علامہ سید شہنشاہ نقوی ، مولانا محمد حسین مسعودی ، مولانا سید رضی حیدر ، مولانا سید باقر عباس ، علامہ سید فرقان حیدر ، علامہ نثار احمد ، علامہ سید باقر زیدی ، مولانا اصغر نقوی ،سید شبر زیدی ، علامہ مبشر ، ایس ایم نقی جعفر ، علامہ ڈاکٹر جمیل راٹھور ، علامہ کوکاب اوکاروی ، حاجی رفیق پردیسی ، شاہ عبد الحق قادری ، محمد سلیم عطاری ، مولانا توقیر مصطفی ، محمد شاہد غوری ، علامہ نذیر تقوی ، علامہ رحیم جعفری ، مولانا فیروز الدین احمانی ، مولانا منظر الحق تھانوی اور دیگر شرکت کی۔

وزیراعلی سندھ نے کہا کہ کورونا کی چوتھی لہر زیادہ خطرناک ثابت ہوئی ہے ، مون سون کا سیزن زوروں پر ہے اور افغانستان میں امن و امان کی صورتحال بھی مخدوش ہیجس کے اثرات ہم پر پڑ سکتے ہیں، لہذا پولیس نے شیعہ علما / تنظیموں کی مشاورت سے ایک ضابطہ اخلاق تشکیل دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر آپ متفقہ طورپر اس کی پاسداری کریں گے تو ہر چیز خوشگوار اور پرامن ہوگی۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ صورتحال بہت سنگین ہے ، لہذا فرقہ وارانہ سوچ سے قطع نظر ہمیں اپنی صفوں میں اتحاد قائم کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ایک دوسرے کا احترام کرنا ہوگا۔وزیر مذہبی امور ناصر شاہ نے کہا کہ امن کمیٹی تشکیل دی گئی ہے اور محکمہ داخلہ نے ضابطہ اخلاق جاری کیا ہے۔ لہذا امن کمیٹیوں کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا اور ضابطہ اخلاق کو حقیقی خطوط پر استوار کرنا ہوگا۔علما کرام نے وزیر اعلی سندھ کو یقین دلایا کہ حکومت کی طرف سے جاری کردہ رہنما خطوط پر حقیقی معنوں میں عمل کیا جائے گا۔علمائے کرام نییقین دلایا کہ ہم حکومت کے ساتھ مکمل تعاون کریں گے اور حکومت کی ہدایت پر عمل پیرا رہیں گے ۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں