سندھ حکومت کراچی لاک ڈاؤن سے ملکی معاشی شہ رگ بند کرنا چاہتی ہے، حلیم عادل

ایک ہفتے کا لاک ڈاؤن ملک کو کئی مہینے پیچھے لے جاتاہے،سندھ حکومت پاکستانی معیشت کیخلاف سازش کررہی ہے، اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی

ہفتہ 31 جولائی 2021 14:34

سندھ حکومت کراچی لاک ڈاؤن سے ملکی معاشی شہ رگ بند کرنا چاہتی ہے، حلیم عادل
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 جولائی2021ء) تحریک انصاف کے رہنماء اور سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ نے کہا ہے کہ سندھ حکومت کراچی میں لاک ڈاؤن سے ملکی معاشی شہ رگ بند کرنا چاہتی ہے،ایک ہفتے کا لاک ڈاؤن ملک کو کئی مہینے پیچھے لے جاتاہے،سندھ حکومت پاکستانی معیشت کیخلاف سازش کررہی ہے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حلیم عادل شیخ نے کہا کہ کل کراچی سمیت سندھ بھر میں نادر شاہی حکم کے تحت نادر لاک ڈاؤن لگانا افسوسناک ہے، یہ سازش ہے جو حکومت اور پولیس کی بھتہ خوری کیلئے لگایا گیا ہے، کراچی سے ملک بھر میں معیشت کا پہیہ چل رہاہے، ایک ہفتے کا لاک ڈاؤن ملک کو کئی مہینے پیچھے لے جاتاہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ کل اپنے ہوش میں نظر نہیں آرہے تھے، لاک ڈاؤن ہونے سے ریونیو کم اکٹھا ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ صرف ڈاکٹر کے کہنے پر اور مال پانی اکٹھا کرنے کیلئے کراچی میں لاک ڈاؤن لگایا گیا، حالانکہ صرف متاثرہ علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن لگایا جاسکتا تھا، کیونکہ شہر کے مختلف علاقوں میں کورونا کے پھیلاؤ کی شرح مختلف ہے، لیکن سب کچھ بند کرکے یہ لوگ پاکستان کی شہ رگ بند کرنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معیشت کے خلاف سندھ حکومت سازش کررہی ہے۔انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کراچی نہیں پاکستان دشمنی کررہی ہے، ٹرانسپورٹ بند ہے ، ایسے میں اگر فیکٹریاں کھول بھی دیں تو کیا مراد علی شاہ مزدوروں کو چھوڑ کر آئیں گے۔انہوں نے کہا کہ شہر کچرا کنڈی بنا ہوا ہے جس سے تعفن اور بیماریاں پھیل رہی ہیں، پوچھتا ہوں کہ سندھ حکومت نے ٹھیک طرح سے کورونا ویکسینیشن کیوں نہیں کی۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں