مسلط نااہل حکمرانوں کی وجہ سے پاکستانی کرنسی زوال کا شکار ہے، جام اکرام اللہ دھاریجو

سندہ کے عوام نے آمرانہ طرز حکومت کو نہ کبھی قبول کیا نہ ہی کرینگے، صوبائی وزیر کا اپنے حلقہ انتخاب کا دورہ

منگل 3 اگست 2021 18:00

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 اگست2021ء) صوبائی وزیر برائے صنعت و تجارت اور انسداد بدعنوانی و امداد باہمی جام اکرام اللہ دھاریجو نے کہا ہے کہ عوام یو ٹرن سے تنگ آ گئے ہیں کیونکہ مہنگائی میں اضافہ ہورہا ہے اور عام آدمی کی زندگی مشکل سے مشکل ہورہی ہے۔ ناقص پالیسیوں کے باعث معیشت ںھی تباہی سے دوچار ہے۔ یہ بات آج انہوں نے گھوٹکی سٹی سمیت مختلف علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے میڈیا کے نمائندوں اور مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

صوبائی وزیر جام اکرام اللہ دھاریجو نے مختلف مقامات پر پہنچ کر فاتحہ خوانیاں کیں اور لوگوں سے ان کے پیاروں کے انتقال پر ہمدردی کا اظہار کیا۔ انہوں نے ولیج چنگلانی میں انجنیئر سلیم خان کلوڑ، اعجاز کلوڑ، ولیج کونھارا میں رشید بھٹو، ولیج جمعو بھٹو میں ھدایت اللہ بھٹو، ولیج رئیس ابراہیم چاچڑ میں، رئیس ظہور احمد چاچڑ، ولیج صادق لکھن میں، حافظ محمد یوسف لکھن اور ولیج عبدالحمید چاچڑ میں، عبدالحمید چاچڑ سے ان کے پیاروں کے انتقال پر ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے فاتحہ خوانی کی۔

(جاری ہے)

قبل ازیں صوبائی وزیر جام اکرام اللہ دھاریجو نے جام ہاو س عادلپور پر عوامی شکایات سنی اور ان کے حل کے لیے موقع پر متعلقہ حکام کو ہدایات بھی جاری کیں۔ اس موقع پر انہوں نے مختلف وفود سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ، نااہل وفاقی حکومت نے عام آدمی کا جینا محال کردیا ہے وفاقی حکومت ہوش کے ناخن لے، مہنگائی کی وجہ سے لوگ عمران خان کو گلی گلی کوچوں میں بددعائیں دیتے نظر آ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مسلط نااہل حکمرانوں کی وجہ سے روپیہ ڈالر کے مقابلے میں 163 سے بھی نیچے چلاگیا ہے۔ جام اکرام اللہ دھاریجو نے مزید کہا کہ سندھ میں پی ٹی آئی پہلے اپنے لوگوں کا تو پرسان حال بنے جو 2013 کے انتخابات میں ان کے ساتھ تھے، سندھ کی عوام نے آمرانہ طرز حکومت کو نہ کبھی قبول کیا نہ ہی کرینگے، سندھ میں حکومت کرنے کے دعویدار جھوٹے خوابوں کے سہارے زندگی بسر کررہے ہیں۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں