صدف کنول کے بیان کو متنازع بنائے جانے پر شہزور سبزواری اہلیہ کی حمایت میں بول پڑے

پاکستان کے 90 فیصد عوام صدف کے بیانیے کے ساتھ ہیں اور ان کے بیان کا مثبت ہونا ایک خاص طبقے کو ہضم نہیں ہوا۔ اداکار و ہدایت کار کی ٹی وی پروگرام میں گفتگو

Sajid Ali ساجد علی منگل 3 اگست 2021 18:04

کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 03 اگست 2021ء ) اداکارہ و ماڈل صدف کنول کے بیان کو متنازع بنائے جانے پر شہزور سبزواری اہلیہ کی حمایت میں بول پڑے۔ تفصیلات کے مطابق صدف کنول کے پاکستانی روایات، ثقافت اور شوہر کی اہمیت سے متعلق دیے گئے بیان کی حمایت کرتے ہوئے ان کے شوہر و اداکار شہروز سبزواری کہتے ہیں کہ پاکستان کے 90 فیصد عوام صدف کے بیانیے کے ساتھ ہیں اور ان کے بیان کا مثبت ہونا ایک طبقے کو ہضم نہیں ہوا ، اگر میری اہلیہ اپنی عزت اور محبت کا اظہار کرتی ہے تو 10 فیصد پر مشتمل طبقہ یہ بولنے پر مجبور ہوجاتا ہے کہ آپ جو کہتے ہیں اس پر عمل کریں اور ان کی پرانی ویڈیوز نکال کر لے آتے ہیں تو انہوں نے اپنا کیس خود ہی کمزور کردیا کیوں کہ کسی کا ماضی جب بتایا جاتا ہے تو کیس ویسے ہی کمزور ہوجاتا ہے۔

(جاری ہے)

نجی ٹی وی کو دیے گئے ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ الحمداللہ پاکستان کے 90 فیصد عوام صدف کے بیانیے کے ساتھ ہیں ، انٹرویو کے دوران صدف نہ گن پوائنٹ پر تھی اور نہ ہی اس وقت وہ کوئی مظلوم عورت تھی کہ ان سے کہلوایا جاتا کہ وہ زبردستی اپنے میاں کا خیال رکھے بلکہ یہ تو ایک محبت کا طریقہ ہے ، عزت کا طریقہ ہے جو ہمارے دین نے ہمیں سکھایا ہے ، جب اس طریقے پر چلتے ہیں تو عورت خود بخود مرد کی عزت کرتی ہے اور مرد اس سے زیادہ عورت کی عزت کرتا ہے جیسے میں اپنی بیوی کی کرتا ہوں ، اگر وہ خوش نہیں ہوگی اور اگر اسے میری طرف سے عزت نہیں ملے گی تو وہ کیوں یہ سب کرے گی؟۔

اداکار نے کہا کہ لوگوں نے صدف کے بیان میں جو مثبت چیز دیکھی وہ ایک طبقے کو ہضم نہیں ہوئی اور اس طبقے نے کہا کہ مظلوم خاتون کو صدف کی باتیں مزید مظلوم بنارہی ہیں جب کہ ایسا نہیں ہے ، ہم اسلامی جمہوریہ پاکستان میں رہتے ہیں اور ہمارے گھروں میں سب سے پہلے مذہب ہے ، پھر پاکستان ہے اور اس کے بعد میں مرد یا شوہر ہوں ، جب اسلام کو دیکھا جاتا ہے تو عورت کو اسلام نے جو عزت دی ہے اور اس ملک میں عورت کا وہی مقام ہونا چاہئیے جو بہت اونچا اور مضبوط ہے اسی لیے پاکستان کی خواتین نے صدف کا بہت ساتھ دیا ہے اور 4 روز سے وہ مثبت معنوں میں ٹرینڈنگ میں ہیں ، صدف ، میں اور میرا پورا خاندان ہر اس عورت کے ساتھ ہے جو مظلوم ہے لیکن جو بے شرمی کو عام بنانا چاہتی ہے ہم اس کے ساتھ نہیں کھڑے۔

خیال رہے کہ چند روز قبل اداکارہ وماڈل صدف کنول کی طرف سے ٹی وی پروگرام میں کہا گیا کہ پاکستان کی سماجی روایات اور ثقافت یہ ہیں کہ شادی شدہ خاتون کو نہ صرف شوہر کے کپڑے استری کرنے ہوتے ہیں بلکہ ان کے جوتے بھی اٹھانے ہوتے ہیں ، ایک بیوی کو اپنے شوہر کی تمام ضروریات اور چیزوں کا علم ہونا چاہئیے ، اداکارہ کے اس بیان پر سوشل میڈیا پر ہنگامہ برپا ہوگیا اور وہ 30 اور 31 جولائی کو ٹاپ ٹرینڈ بھی رہا جب کہ یکم اور 2 اگست کو ان کے نام سے منسوب ہیش ٹیگ ٹوئٹر ٹرینڈ کا حصہ رہا۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں