محرم الحرام میں مجالس اور جلوسوں کے انعقاد کیلئے ضابطہ اخلاق جاری

مجالس کھلی جگہوں پر کی جائیں، ماسک پہننا، سماجی فاصلہ یقینی بنایا جائے، بچوں اور بوڑھوں کو مجالس میں شریک ہونے کی اجازت نہیں، ذاکرین کی ویکسی نیشن ایک ڈوز لازم ہوگی۔ محکمہ داخلہ سندھ

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 3 اگست 2021 21:51

محرم الحرام میں مجالس اور جلوسوں کے انعقاد کیلئے ضابطہ اخلاق جاری
کراچی (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 03 اگست2021ء) محکمہ داخلہ سندھ نے محرم الحرام میں مجالس اور جلوسوں کے انعقاد کیلئے ضابطہ اخلاق جاری کردیا، مجالس کھلی جگہوں پر کی جائیں، ماسک پہننا، سماجی فاصلہ یقینی بنایا جائے، بچوں اور بوڑھوں کو مجالس میں شریک ہونے کی اجازت نہیں، ذاکرین کی ویکسی نیشن ایک ڈوز لازم ہوگی۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ داخلہ سندھ نے محرم الحرام میں مجالس اور جلوسوں کے انعقاد کیلئے ضابطہ اخلاق جاری کردیا ہے۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ ماسک پہننے، سینی ٹائزر کی دستیابی اور  ایس اوپیز پر عمل درآمد لازمی ہوگا، مجالس کے انعقاد کیلئے ذاکرین کی ویکسی نیشن کم سے کم ایک ڈوز لازمی ہے۔ بچوں اور بوڑھوں کو مجالس اور جلوس میں شریک ہونے کی اجازت نہ دیں۔

(جاری ہے)

ذاکرین کے ذریعے ٹی وی پر براہ راست نشریات پر انحصار کرکے گھروں میں رہنے کو ترجیح دیں، مجالس کھلی جگہوں پر کی جائیں، 6 فٹ سماجی فاصلے کو یقینی بنایا جائے اور نشانات  کو لگایا جائے۔

شرکا کیلئے خصوصی اسپاٹ ویکسی نیشن کیمپوں کا قیام کیا جائے۔ دوسری جانب وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی اسد عمر نے عالمی وبا کورونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین سے متعلق کہا کہ خوشی ہے کہ یومیہ 10 لاکھ ویکسین لگانے کا ہدف عبور کرلیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز 10 لاکھ 72 ہزار افراد کی ویکسی نیشن کی گئی۔انہوں نے کہاکہ وفاقی اداروں کے تعاون سے ریکارڈ ویکسی نیشن ہو رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب، سندھ، خیبرپختونخوا، اسلام آباد میں ریکارڈ ویکسی نیشن ہوئی ہے۔ ملک بھر میں گزشتہ روز 10 لاکھ 72 ہزار 342 افراد نے ویکسین ڈوزز لگوائیں جس کے بعد ویکسین لگوانے والوں کی کل تعداد 3 کروڑ 19 لاکھ 29 ہزار 581 ہوچکی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کرونا ویکسین کی مہم کا آغاز 6 ماہ قبل فروری سے ہوا تھا، پہلے مرحلے میں ہیلتھ کئیر کے شعبے سے منسلک افراد کو ویکسین لگائی گئی جس کے بعد مرحلہ وار ویکسین لگانے کا عمل شروع ہوا۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں