90 فیصد عوام صدف کے بیانیے کے ساتھ ہیں، شہروز سبزواری

شوہر کا خیال رکھنے سے متعلق صدف کنول کے بیان نے ملک میں نئی بحث چھیڑ دی تھی

بدھ 4 اگست 2021 11:05

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 اگست2021ء) اداکارہ و ماڈل صدف کنول کی جانب سے پاکستانی روایات اور ثقافت سمیت ‘شوہر’ کی اہمیت سے متعلق دیے گئے بیان کی حمایت کرتے ہوئے ان کے شوہر و اداکار شہروز سبزواری نے کہا ہے کہ پاکستان کے 90 فیصد عوام صدف کے بیانیے کے ساتھ ہیں اور ان کے بیان کا مثبت ہونا ایک طبقے کو ہضم نہیں ہوا۔خیال رہے کہ صدف کنول نے چند روز قبل ایک ٹی وی پروگرام میں کہا تھا کہ پاکستان کی سماجی روایات اور ثقافت یہ ہیں کہ شادی شدہ خاتون کو نہ صرف شوہر کے کپڑے استری کرنے ہوتے ہیں بلکہ ان کے جوتے بھی اٹھانے ہوتے ہیں۔

اداکارہ نے کہا تھا کہ پاکستانی سماجی روایات اور ثقافت یہ ہیں کہ ایک خاتون کو شادی کرنی ہوتی ہے، ان کا شوہر ہوتا ہے اور بیوی ہونے کے ناتے عورت کو شوہر کے کپڑے بھی استری کرنے ہوتے ہیں تو ان کے جوتے بھی اٹھانے پڑتے ہیں۔

(جاری ہے)

صدف کنول نے فیمنزم اور عورت مارچ کے معاملے پر بھی محتاط انداز میں گفتگو کی تھی اور کہا تھا کہ وہ مذکورہ معاملے پر بحث نہیں کریں گی لیکن وہ اتنا کہنا چاہتی ہیں کہ ایک بیوی کو اپنے شوہر کی تمام ضروریات اور چیزوں کا علم ہونا چاہیے۔

شوہر کا خیال رکھنے سے متعلق صدف کنول کے بیان نے ملک میں نئی بحث چھیڑ دی تھی اور لوگ منقسم دکھائی دیے کسی نے ان کی حمایت کی تو کسی نے تنقید۔اداکارہ کے مذکورہ بیان پر سوشل میڈیا پر ہنگامہ برپا ہوگیا تھا اور وہ 30 اور 31 جولائی کو ٹاپ ٹرینڈ بھی رہا جبکہ یکم اور 2 اگست کو ان کے نام سے منسوب ہیش ٹیگ ٹوئٹر ٹرینڈ کا حصہ رہا۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں