کراچی ، شہری کو لاک ڈاؤن میں شادی کی تقریب کا انعقاد مہنگا پڑگیا

نشتر روڈ پر جاری شادی کی تقریب پر پولیس نے دھاوا بول دیا ، 5 افراد کو گرفتار کرلیا گیا

Sajid Ali ساجد علی بدھ 4 اگست 2021 13:27

کراچی ، شہری کو لاک ڈاؤن میں شادی کی تقریب کا انعقاد مہنگا پڑگیا
کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 04 اگست 2021ء ) صوبہ سندھ کے دارلحکومت کراچی میں شہری کو لاک ڈاؤن کے دوران شادی کرنا مہنگا پڑ گیا ، پولیس نے لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرتے ہوئے شادی کی تقریب کا انعقاد کرنے پر 5 افراد کو گرفتار کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں نشتر روڈ پر لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرتے ہوئے شادی کی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کی اطلاع ملنے پر پولیس نے چھاپہ مارا اور کارروائی کرتے ہوئے شادی کی تقریب کو رکوادیا جب کہ دلہے کے چاچا اور ماموں سمیت 5 افراد کو گرفتار کرکے تھانے منتقل کردیا۔

یاد رہے کہ سندھ حکومت نے کراچی سمیت صوبے بھر میں نئی اضافی پابندیوں کے ساتھ لاک ڈاؤن نافذ کردیا ہے ، ، اس دوران کاروباری ، عوامی اور سماجی سرگرمیوں پر پابندی ہو گی، نئی پابندیوں کے ساتھ لاک ڈاؤن 8 اگست تک ہوگا، لاک ڈاؤن کے دوران ایکسپورٹ صنعتوں کو پیداواری عمل جاری رکھنے کی اجازت ہوگی جب کہ میڈیکل اسٹورز، گروسری، پھل، سبزی بیکریز دودھ کی دکانوں پر پابندی کا اطلاق نہیں ہوگا۔

(جاری ہے)

وزیراعلٰی سندھ سید مراد علی شاہ کی صدارت میں ہونے والے صوبائی ٹاسک فورس کے اجلاس میں کراچی سمیت سندھ بھر میں مزید پابندیاں عائد کرنے کی منظوری دی گئی ، اجلاس میں شام 6 بجے کے بعد دکانیں بند رکھنے کے فیصلے کو برقرار رکھا گیا ، سندھ کے تمام مقامات پر ویکسین کو لازمی قرار دے دیا گیا ہے ، نئی پابندیوں سے متعلق فیصلہ ٹاسک فورس کی سفارش پر کیا گیا۔

اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ انٹرسٹی ٹرانسپورٹ بھی بند کی جائے گی جبکہ بین الصوبائی ٹرانسپورٹ بند کرنے کے لیے این سی او سی کو سفارش کی جائے گی ، آئندہ ہفتے سرکاری دفاتر بند کر دئے جائیں گے، نجی دفاتر کو بھی بند رکھا جائے گا ، بغیر کسی وجہ کے لوگوں کے باہر نکلنے پر پابندی ہوگی ، صوبے کی تمام مارکیٹیں بند رہیں گی ، البتہ ایکسپورٹ انڈسٹری کُھلی رہے گی ، جو شخص ویکسین نہیں لگوائے گا اُسے 31 اگست کے بعد تنخواہ نہیں ملے گی اس کے علاوہ جو شخص روڈ پر آئے گا اُس کا ویکسینیشن کارڈ چیک کیا جائے گا ، لاک ڈاؤن اور پابندیوں کا اطلاق سندھ بھر میں ہوگا جس کا نوٹیفکیشن محکمہ داخلہ تفصیلات کے ساتھ جاری کرے گا۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں