نیوزی لینڈ کے دورہ پاکستان کی منسوخی پر فنکاروں کا مایوسی کا اظہار

آخری لمحات میں نیوزی لینڈ کے کھیل سے باہر ہونے بارے سن کر مایوسی ہوئی، فیصل قریشی پاکستان محفوظ ہے اور ہمیشہ رہیگا، ہم اب بھی نیوزی لینڈ یا کسی دوسری قوم کو دل کھول کر خوش آمدید کہیں گے، عاصم اظہر دنیا جانتی ہے پاکستان میں امن و امان کی صورتحال کنٹرول میں ہے،بغیر کسی ثبوت کے آخری منٹ میں میچ کی منسوخی کا کوئی جواز نہیں بنتا، ہمایوں سعید

ہفتہ 18 ستمبر 2021 11:45

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 ستمبر2021ء) پاکستان کے دورے پر آئی نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے بورڈ کی جانب سے اچانک سیکیورٹی خدشات کا بہانہ بناکر سیریز منسوخ کرنے اور اپنے وطن واپس جانے کے فیصلے نے جہاں شائقین کرکٹ کو مایوس کیا وہیں فنکار بھی اس فیصلے پر حیران اور پریشان ہیں اور سوشل میڈیا پر برہمی کا اظہار کررہے ہیں۔ہمایوں سعید نے نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کے سیریز منسوخی کے فیصلے پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اسے نیوزی لینڈ کا عجیب اور پریشان کن اقدام قرار دیا۔

انہوں نے لکھا پوری دنیا جانتی ہے کہ پاکستان میں امن و امان کی صورتحال مکمل کنٹرول میں ہے۔ ہماری سیکیورٹی اور انٹیلی جنس ایجنسیاں اپنے کام میں شاندار ہیں۔ بغیر کسی ثبوت کے آخری منٹ میں میچ کی منسوخی کا کوئی جواز نہیں بنتا۔

(جاری ہے)

نیوزی لینڈ بورڈ کے اس فیصلے سے لاکھوں شائقین کرکٹ کو مایوسی ہوئی ہے۔گلوکار عاصم اظہر نے اس واقعے کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا ہم ایک ایسی قوم ہیں جو پوری قوت سے واپسی کرنے پر یقین رکھتی ہے۔

پاکستان محفوظ ہے اور ہمیشہ رہے گا۔ ہم اب بھی نیوزی لینڈ یا کسی دوسری قوم کو دل کھول کر خوش آمدید کہیں گے۔ انہوں نے کہا اب ٹی 20 ورلڈ کپ میں ملیں گے۔اداکار فیصل قریشی نے بھی پاک نیوزی لینڈ سیریز کی منسوخی پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا آخری لمحات میں نیوزی لینڈ کے کھیل سے باہر ہونے کے بارے میں سن کر بہت مایوسی ہوئی۔ لاکھوں کرکٹ شائقین بہت مایوس ہوئے ہیں۔علی ظفر نے لکھا’’کرکٹ تو ہوگی‘‘۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں