سندھ میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا کے مزید 15 مریض انتقال کر گئے

759 کیسز رپورٹ ہوئے اور 915 صحتیاب ہوئے ہیں، وزیراعلیٰ سندھ

اتوار 19 ستمبر 2021 00:05

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 ستمبر2021ء) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کورونا وائرس کی صورتحال بیان کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 15 مریض انتقال کر گئے جبکہ 759 کیسز رپورٹ ہوئے اور 915 صحتیاب ہوئے ہیں۔ انہوں نے یہ بات عالمی وبا کے حوالے سے آگاہی دیتے ہوئے ہفتہ کے دن وزیراعلیٰ ہاؤس سے اپنے بیان میں کہی۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 15206 نمونوں کی جانچ کی گئی جس کے نتیجے میں 759 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جو کہ تشخیص کی شرح کا 5 فیصد بنتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ مزید 15 مریض انتقال کرگیا جس سے اموات کی مجموعی تعداد 7258 ہوگئی ہے جوکہ اموات کی شرح کا 1.6 فیصد بنتا ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ابتک 5835861 نمونوں کی جانچ کی جا چکی ہے اور 449454 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ 24 گھنٹوں میں مزید 915 مریض صحتیاب ہو چکے ہیں جس سے صحتیاب افراد کی مجموعی تعداد 413459 ہوچکی ہے جو کہ بحالی کی شرح کا 92 فیصد بنتا ہے۔ انہو ں نے کہا کہ اسوقت 28737 مریض زیرعلاج ہیں جن میں سے 28074 گھروں کے اندر قرنطینہ ہیں، 623 مریض مختلف اسپتالوں اور 40 مریض آئیسولیشن سینٹرز میں زیر علاج ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ 557 حالت تشویشناک بتائی گئی ہے جن میں سے 44 مریضوں کو انتہائی نگہداشت میں وینٹی لیٹرز پر منتقل کیا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ صوبے بھر کے کورونا وائرس کے 759 نئے کیسز میں شہر کراچی سے 339 سامنے آئے ہیں۔ اعداد و شمار بیان کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ کراچی شرقی میں113، حیدرآباد میں 100، جنوبی کراچی میں 89، سجاول میں 51، کورنگی میں 38، کراچی وسطی میں 37، میرپورخاص اور ملیر میں 32-32، مٹیاری میں 31، کراچی غربی میں 30، ٹنڈو الہیار میں 29، سانگھڑ میں 26، بدین میں 20، تھرپارکر میں 19، جامشورو میں 15، عمرکوٹ میں 14، ٹھٹہ میں 13، لاڑکانہ میں 12، نوابشاہ میں 9، ٹنڈو محمد خان میں 6، خیرپور میں 5، کشمور میں 3، گھوٹکی میں 2، سکھر، جیکب آباد، قمبر ، نوشہروفیروز اور دادو میں ایک ایک نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے سندھ کی عوام سے اپیل کی ہے کہ اپنی اور اپنے پیاروں کی زندگی بچانے کیلئے لازمی طور پر ایس او پیز پر عملدرآمد کریں۔ #

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں