کراچی والوں کا انتظار ختم ، گرین لائن منصوبے کے لیے بسیں پاکستان پہنچ گئیں

40 سے زائد بسوں کے ساتھ چین کا بحری جہاز ’فین شن‘ کراچی پورٹ پر لنگر انداز ہوگیا ، شکریہ وزیر اعظم عمران خان! گورنر سندھ کا ٹویٹ

Sajid Ali ساجد علی اتوار 19 ستمبر 2021 13:23

کراچی والوں کا انتظار ختم ، گرین لائن منصوبے کے لیے بسیں پاکستان پہنچ گئیں
کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 19 ستمبر 2021ء ) کراچی والوں کا انتظار ختم ہوگیا اور گرین لائن منصوبے کے لیے بسیں پاکستان پہنچ گئیں۔ تفصیلات کے مطابق گرین لائن بس منصوبے کے لیے بسوں سے لدا جہاز پاکستان پہنچ گیا ہے ، 40 سے زائد بسوں کے ساتھ چین کا بحری جہاز ’فین شن‘ کراچی پورٹ پر لنگر انداز ہوگیا ہے تاہم یہ جہاز ایک روز کی تاخیر سے پاکستان پہنچا ہے جب کہ کراچی گرین لائن بس منصوبے کی مزید 40 بسوں کی دوسری کھیپ اکتوبر کے پہلے ہفتے پاکستان پہنچیں گی۔

اس حوالے سے گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ 42 گرین لائن بسوں کی پہلی لاٹ لے لانے والا جہاز کے پی ٹی پہنچ چکا ہے اور انشاء اللہ آج ساڑھے تین بجے سٹیٹ آف دی آرٹ بسوں کی نقاب کشائی کی جائے گی۔ اپنے ایک ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ بسوں کی آمد کے لیے ریڈ کارپٹ بچھا دیا گیا ہے اور میں اس حوالے سے بہت پرجوش ہوں ، شکریہ وزیر اعظم عمران خان! انتظار ختم ہوا۔

(جاری ہے)


علاوہ ازیں وفاقی وزیر اسد عمر نے بتایا ہے کہ گرین لائن شہر قائد کیلئے پہلا جدید ٹرانسپورٹ کا منصوبہ ہے، 22 گرین لائن بس اسٹیشنز مکمل ہوچکے ہیں، گرین لائن بسیں جلد سڑکوں پر چلنا شروع ہوجائیں گی جب کہ وزیراعظم عمران خان رواں ماہ کراچی سرکلر ریلوے کا بھی سنگ بنیاد رکھیں گے۔ اسد عمر کے مطابق گرین لائن بس بائیس اسٹیشن مکمل ہوچکے ہیں، کراچی میں کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم اور بی آرٹی کیلئے مربوط نظام بھی تشکیل دیا جا رہا ہے ، کراچی میں 60 کلومیٹر تک طویل سڑکیں بنائی جائیں گی جبکہ جلد کراچی سرکلر ریلوے کا سنگ بنیاد بھی رکھ دیا جائے گا ، کراچی سرکلرریلوے کے 22 اسٹیشنز اور 43 کلومیٹر پر محیط ہے، منصوبہ مکمل ہونے کے بعد ساڑھے 4 لاکھ سے زائد مسافر یومیہ مستفید ہوسکیں گے ،اسی طرح کراچی میں صفائی کیلئے مربوط نظام لا رہے ہیں، کراچی کے نالوں سے 11 لاکھ ٹن کچرا اٹھایا جائے گا۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں