پیپلز پارٹی کی حکومت تھر کے وسائل کو سب سے پہلے تھر کے عوام کی فلاح و بہبود کے لیے مہیا کرنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے ، امتیاز شیخ

اتوار 19 ستمبر 2021 15:30

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 ستمبر2021ء) سندھ کے وزیر توانائی امتیاز احمد شیخ کی زیر صدارت تھر میں کوئلہ ذخائر کے حوالے سے اہم علاقے، اسلام کوٹ، تھر کے لئے، تھر فائو نڈیشن کی جانب سے معروف ماہر معاشیات ڈاکٹر قیصر بنگالی کی رہنمائی میں بیس لائن سروے میں اکٹھے کئے گئے اعداد و شمار کی روشنی میں جامع ترقیاتی پلان مرتب کرنے کے لئے ایک اہم زوم اجلاس منعقد ہوا۔

ورچوئل اجلاس میں رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر مہیش ملانی، چیئر پرسن منصوبہ بندی و ترقیات سندھ ڈاکٹر شیریں ناریجو، سیکریٹری محکمہ توانائی سندھ ابوبکر مدنی اور ملک کے ممتاز ماہرِ معاشیات ڈاکٹر قیصر بنگالی نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں ڈاکٹر قیصر بنگالی نے اسلام کوٹ ترقیاتی سروے کے بارے میں اپنی پریزینٹیشن میں تفصیلی تجاویز پیش کیں۔

(جاری ہے)

اجلاس میں اتفاق کیا گیا کہ تھر فاو نڈیشن، ڈاکٹر قیصر بنگالی کی سربراہی میں بیس لائن سروے کے اعداد و شمار کی روشنی میں ایک جامع ترقیاتی منصوبہ، مرتب کرے گی اور سروے کی روشنی میں علاقے میں صحت، تعلیم، پینے کے صاف پانی، نکاسیِ آب، روزگار کی فراہمی اور دیگر بنیادی سہولیات مہیا کرنے اور ترقیاتی اسکیموں کے حوالے سے تفصیلی تجاویز پیش کی جائیں گی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تھر فائو نڈیشن اس سروے کی بنیاد پر ڈاکٹر قیصر بنگالی کی زیرنگرانی جامع ترقیاتی پلان اگلے دس ہفتوں میں صوبائی وزیر توانائی و چیئرمین سندھ اینگرو کول مائننگ کمپنی (ایس ای سی ایم سی)کو پیش کرے گی۔اس موقع پر وزیر توانائی امتیاز احمد شیخ نے کہا کہ سندھ حکومت کا عزم ہے کہ اسلام کوٹ کو اقوامِ متحدہ کے پائیدار ترقی کے اہداف (Sustainable Development Goals ) کے لحاظ سے ماڈل تعلقہ بنایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت تھر کے وسائل کو سب سے پہلے تھر کے عوام کی فلاح و بہبود کے لیے مہیا کرنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے اور ہماری ہر ممکن کوشش ہے کہ جہاں تھر کے معدنی ذخائر سے پورے ملک میں اجالے ہوں اور روشنی پھیلے وہیں تھر کے عوام بھی ترقی کے اس عمل میں اپنے جائز حق سے محروم نہ رہنے پائیں اور پائیدار استفادہ حاصل کرسکیں۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں