جس قوم نے علم کا دامن تھا ما اس نے دنیا پر راج کیا، حنید لاکھانی

تاریخ گواہ ہے کہ جب مسلمان علم سے دور ہوئے غلام بنا لیئے گئے،بہتر تعلیم واچھی تربیت کے نظام کو اپنا کر ہی دنیا میں عزت سے جیا جا سکتا ہے، رہنماپی ٹی آئی

اتوار 19 ستمبر 2021 15:30

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 ستمبر2021ء) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما و سربراہ بیت المال سندھ حنید لاکھانی نے کہا ہے کہ یہ ایک تاریخی حقیقت ہے کہ جو قومیں ترقی اور خوشحالی کے لیئے تعلیم و تربیت کے نظام کو اپناتی ہیں وہی اس دنیا میں زندہ رہتی ہیں اور اعلیٰ مقام حاصل کرتی ہیں جس قوم نے علم کا دامن تھاما اس نے دنیا پر راج کیا جدید معاشی ترقی علم کے بغیر ناممکن ہے، ان خیالات کا اظہا ر انہوں نے حنید لاکھانی سیکرٹریٹ سے جاری کردہ بیان میں کیا، حنید لاکھانی نے کہا کہ انسان اور حیوان میں فرق تعلیم ہی کی بدولت ہے دنیا میں ہر چیز بانٹنے سے گھٹتی ہے مگر تعلیم ایک ایسی دولت ہے جو بانٹنے سے کم نہیں ہوتی بلکہ بڑھ جاتی ہے ،تاریخ بتاتی ہے کہ جب جب مسلمانوں نے علم اور تعلیم سے دوری اخیتار کی وہ غلام بنا لیئے گئے اور بحیثیت قوم وہ اپنی شناخت تک کھو بیٹھے، انہوں نے کہا کہ ہمار ا دین بھی ہمیں تعلیم حاصل کرنے کا درس دیتا ہے تعلیم کی اہمیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ قرآن پاک میںبھی اس کا ذکر ہے، ترقی یافتہ ممالک نے تعلیم کی اہمیت کو سمجھا اور اپنے معاشروں میں تعلیمی نظام کو مضبوط اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا اور اپنے بچوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کرکہ ان کے مستقبل کو مضبو ط بنایا، انہوں نے کہا کہ چین سمیت دنیا بھر کے ترقی یافتہ ممالک کی ترقی ، تعلیم کے شعبے میں کی جانے والی اصلاحات کے مرہون منت ہے دور حاضر میں چین ایک مضبوط اور تعلیم یافتہ افرادی قوت کا حامل ملک کہلایا جاتا ہے انہوں نے تعلیم کو عام کیا اور بہت سارے مسائل پر قابو پایا اور ترقی کی راہوں میں ایک نیا سنگ میل عبور کیا، انہوں نے کہا کہ ملک میں ترقی تعلیم کو بنیادی انسانی حقوق کے طور پر تسلیم کرنے سے نہیں بلکہ عملی طور پر کام کرنے سے ممکن ہوسکے گی ، یکساں تعلیمی نظام اور یکساں تعلیم حاصل کرنے کے مواقوں کی فراہمی کے لیئے کام کرنا ہوگا تا کہ ملک کا ہر بچہ تعلیم حاصل کرسکے اور پڑھ لکھ کر ایک مضبوط اور تعلیم یافتہ معاشرے کی تشکیل میں اپنا کردار ادا کرے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں