پاکستان کا پی آئی اے کو فلائٹ آپریشن کی اجازت نہ دینے پر کویتی ائیرلائنز پر پابندی کا عندیہ

پاکستان نے کورونا کے دوران سخت حالات میں بھی کویتی ائیرلائنز کو اجازت نامہ جاری کیا تاہم پی آئی اے کو اجازت نامہ نہ دینے کی صورت میں کویتی پروازوں کی پالیسی پر دوبارہ غور کیا جائے گا۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی کا کویتی حکام کو انتباہ

Sajid Ali ساجد علی منگل 21 ستمبر 2021 12:02

پاکستان کا پی آئی اے کو فلائٹ آپریشن کی اجازت نہ دینے پر کویتی ائیرلائنز پر پابندی کا عندیہ
کراچی ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 21 ستمبر 2021ء ) پاکستان نے پی آئی اے کو فلائٹ آپریشن کی اجازت نہ دینے پر کویتی ائیرلائنز پر پابندی کا عندیہ دے دیا ، سول ایوی ایشن اتھارٹی کا کویتی حکام کو خط میں دوٹوک انداز میں واضح کیا ہے کہ پاکستان نے کورونا کے دوران سخت حالات میں بھی کویتی ائیرلائنز کو اجازت نامہ جاری کیا تاہم پی آئی اے کو اجازت نامہ نہ دینے کی صورت میں کویتی پروازوں کی پالیسی پر دوبارہ غور کیا جائے گا۔

۔ تفصیلات کے مطابق قومی ایئر لائن کو کویت کے لئے فلائٹ آپریشن کی اجازت نہ دینے پر سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے کویتی ائیرلائنز پر پابندی عائد کرنے کا عندیہ دیا گیا ہے ، اس ضمن میں سول ایوی ایشن اتھارٹی نے کویتی سول ایوی ایشن کو ایک خط لکھا ہے جس میں یکم اکتوبر سے کویتی ایئرلائنز کے فلائٹ آپریشن پر پابندیاں عائد کرنے کے حوالے سے خبردار کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

میڈیا ذرائع کے مطابق خط میں سی اے اے کی جانب سے کہا گیا ہے کہ کمرشل فلائٹ آپریشنز اور باہمی تعاون دونوں ریاستوں میں تعلقات کے لئے اہم ہے ، پی آئی اے نے فلائٹ آپریشن کی درخواست کی لیکن کویت سول ایوی ایشن اتھارٹی نے کوئی جواب نہیں دیا جب کہ پاکستان نے کورونا کے باوجود سخت حالات میں بھی کویتی ائیرلائنز کو اجازت نامہ جاری کیا تاہم پی آئی اے کو اجازت نامہ نہ دینے کی صورت میں کویتی پروازوں کی پالیسی پر دوبارہ غور کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ کویتی حکام نے پاکستانی ایئر لائنز کو آپریشن کی اجازت دینے سے انکار کر دیا ہے جب کہ کویت کی ایئر لائنز کو پاکستان آنے جانے کی مکمل اجازت ہے اور کویت پاکستان سے پروازیں چلا رہا ہے ، جس کے لیے پاکستان نے دو کویتی ایئر لائنز کویت اور الجزیرہ کو بزنس کی اجازت دے رکھی ہے لیکن پی آئی اے کو اجازت نہیں دے رہا۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں