سول ایوی ایشن اتھارٹی نے پی آئی اے کی ائیرپورٹ سروسز روکنے کا فیصلہ کر لیا

رن وے پرپی آئی اے کے جہازوں کو پاور سپلائی بھی حاصل نہیں ہو گی، قومی ایئرلائن پرواجب الادا واجبات کے حوالے سے مراسلہ بھی جاری کر دیا گیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 23 ستمبر 2021 11:15

سول ایوی ایشن اتھارٹی نے پی آئی اے کی ائیرپورٹ سروسز روکنے کا فیصلہ کر لیا
کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 23 ستمبر 2021ء) : سول ایوی ایشن اتھارٹی نے تنازع پر پی آئی اے کی ایئرپورٹ سروسز روکنے کا فیصلہ کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق سول ایوی ایشن کے ڈائریکٹر فنانس نے قومی ائیرلائن پرواجب الادا واجبات کے حوالے سے مراسلہ بھی جاری کر دیا۔ اس مراسلے کے مطابق پاکستان کی قومی ائیرلائن پی آئی اے کو یکم نومبر سے مسافروں کو جہاز میں سوار کرنے کے لیے بورڈنگ بریج کی سروس فراہم نہیں کی جائیں گی جبکہ رن وے پرپی آئی اے کے جہازوں کو پاور سپلائی بھی حاصل نہیں ہو گی۔

سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ڈائریکٹر فنانس کی جانب سے جاری کیے گئے مراسلے کے مطابق یہ فیصلہ سول ایوی ایشن اتھارٹی کے اجلاس میں کیا گیا۔ پی آئی اے پر سی اے اے کے 127 ارب روپے واجب الادا ہیں۔

(جاری ہے)

سول ایوی ایشن اتھارٹی نے پی آئی اے پر مسافروں سے ایئرپورٹ چارجز خود وصول کرنے پر بھی پابندی عائد کی۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی مسافروں سے خود ائیرپورٹ چارجز وصول کرے گی۔

پابندی کے باوجود جو مسافر یکم اکتوبر سے پی آئی اے کو ائیرپورٹ چارجز ادا کریں گے ان سے سول ایوی ایشن اتھارٹی بھی لازمی سروس چارجز وصول کرے گی۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی کو وعدے کے مطابق قومی ائیرلائن پی آئی اے نے رواں سال مئی سے واجب الادا رقم ماہانہ 25 کروڑ روپے قسط کی صورت میں ادا کرنا تھے۔ قومی ائیر لائن پی آئی اے نے وعدے کے باوجود 5 ماہ بعد بھی ایک ارب پچیس کروڑ کی قسطوں میں سے صرف 55 کروڑ روپے کی ہی ادائیگی کی۔

یاد رہے کہ قبل ازیں ڈائریکٹر جنرل سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے 10 ستمبر کو پاکستان ائیر پورٹس اتھارٹی کے قیام کا جاری کردہ نوٹیفکیشن متنازع ہوگیا تھا۔ تاہم آج سول ایوی ایشن اتھارٹی نے مسافروں سے براہ راست ایئرپورٹ فیس وصول کرنے کی دھمکی بھی دے دی ہے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں