عدالت عظمی کی کراچی میونسپل کارپوریشن کے شکوے پر حکام کو ہائیکورٹ حکم امتناع پر درخواست دائر کرنے کی ہدایت

سپریم کورٹ ،کے ایم سی کو پی ای سی ایچ ایس بلاک 6محمود آباد نالے کو چوڑا کرنے سے متعلق این ای ڈی یونیورسٹی سے فزبیلٹی رپورٹ لے کر جمع کرانے کا حکم

جمعرات 23 ستمبر 2021 14:33

عدالت عظمی کی کراچی میونسپل کارپوریشن کے شکوے پر حکام کو ہائیکورٹ حکم امتناع پر درخواست دائر کرنے کی ہدایت
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 ستمبر2021ء) سپریم کورٹ نے پی ای سی ایچ ایس بلاک 6محمود آباد نالے کو چوڑا کرنے سے متعلق کے ایم سی کو این ای ڈی یونیورسٹی سے فزبیلٹی رپورٹ لے کر جمع کرانے کا حکم دیدیا،عدالت عظمی نے کراچی میونسپل کارپوریشن کے شکوے پر حکام کو ہائیکورٹ حکم امتناع پر درخواست دائر کرنے کی ہدایت کردی۔۔جمعرات کوسپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں میں جسٹس اعجاز الاحسن اور جسٹس قاضی محمد امین احمد پر مشتمل بینچ نے پی ای سی ایچ ایس بلاک 6 محمود آباد نالے کو چوڑا کرنے سے متعلق کراچی میونسپل کارپوریشن کی درخواست پر سماعت کی ۔

کے ایم سی کے وکیل عمر لاکھانی ایڈووکیٹ نے موقف دیا کہ پی ای سی ایچ ایس سوسائٹی نے نالہ کی اراضی پر پوری مارکیٹ بنا دی۔

(جاری ہے)

69دکانوں کے باعث نالہ چوڑا نہیں کر پارہے۔ محمود آباد نالہ چوڑا کرنا چاہتے ہیں مگر پی ای سی ایچ ایس سوسائٹی نہیں کرنے دے رہی۔ہماری استدعا ہے کیس کو گجر نالہ کیس کے ساتھ سنا جائے۔ چیف جسٹس گلزار احمد نے ریمارکس دیئے کہ اس کیس کو الگ ہی سے سنیں گے۔

عدالت نے محمود آباد نالہ کو چوڑا کرنے سے متعلق رپورٹ طلب کرلی۔ عدالت نے کے ایم سی کو این ای ڈی یونیورسٹی سے فزیبلیٹی رپورٹ لے کر جمع کرانے کا حکم دیدیا۔ جمعرات کودوران سماعت عدالت میں پھر گجر نالہ کیس کی گونج سنائی دی، کراچی میونسپل کارپوریشن نے عدالت سے شکوہ کیا۔ عمر لاکھانی ایڈووکیٹ نے موقف دیا کہ سپریم کورٹ نے نالوں کی توسیع کا حکم دے رکھا ہے۔

مگر سندھ ہائیکورٹ اب بھی حکم امتناعی جاری کر رہی ہے۔ نہ صرف حکم امتناعی بلکہ ہمارے افسران پر توہین عدالت لگائی جارہی ہے۔آئے روز ہمارے افسران توہین عدالت کی کارروائی میں پیش ہو رہے ہیں۔ سپریم کورٹ، ہائیکورٹ کو حکم امتناعی اور توہین عدالت کی کارروائی سے روکیں۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے آپ درخواست دائر کریں، سپریم کورٹ معاملے کو دیکھے گی۔ عدالت عظمی نے ہائیکورٹ حکم امتناعی پر کے ایم سی کو درخواست دائر کرنے کی ہدایت کردی۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں