پنجاب اسمبلی کے ممبران کا سندھ میں خیرمقدم کرتے ہیں عوام کی بہتری کے لیے اراکین اسمبلی کا اکٹھا ہونا خوش آئند ہے سید ناصرحسین شاہ

جمعرات 23 ستمبر 2021 19:33

پنجاب اسمبلی کے ممبران کا سندھ میں خیرمقدم کرتے ہیں عوام کی بہتری کے لیے اراکین اسمبلی کا اکٹھا ہونا خوش آئند ہے سید ناصرحسین شاہ
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 ستمبر2021ء) صوبائی وزیر بلدیات و پبلک ہیلتھ انجینئرنگ سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ پنجاب اسمبلی کے ممبران کا سندھ میں خیر مقدم کرتے ہیں۔عوام کی بہتری کے لیے اراکین پارلیمنٹ کا اکٹھا ہونا خوش آئند ہے جس کے دور رس نتائج برآمد ہوں گے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج سسٹین ایبل سوشل ڈیو لپمنٹ(ایس ایس ڈی او ) کے زیراہتمام پنجاب اسمبلی کے اراکین کے سندھ کے تین روزہ دورہ کے حوالے سے مقامی ہوٹل میں منعقدہ پروگرام میں اپنے خطاب میں کیا۔

وزیر بلدیات سندھ نے اس موقع پر کہا کہ اس طرح کے دورے تواتر سے ہونے چاہیے اور ایسے موقع پر صوبائی حکومتوں کے کامیاب پروجیکٹس کے دوروں کا بھی اہتمام ہونا چاہیے تاکہ دونوں حکومتیں کی بہترین کاوشوں سے سیکھنے کا موقع بھی مل سکے۔

(جاری ہے)

انہو ں نے کہا کہ مجھے اس بات کی خوشی ہے کہ ملک اور عوام کی بہتری کے لیے سب اراکین پارلیمنٹ اکٹھا ہیں جو کہ انتہا ئی خو شی کا با عث ہے ۔

ارا کین پنجا ب اسمبلی نے اس دورہ کے انعقاد پر ایس ایس ڈی او کو خراج تحسین پیش کیا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر اطلاعات سندھ سعید غنی نے کہا کہ ہر پاکستانی بشمول مذہبی جماعتوں کے دہشت گردی سے متاثر ہوا ہے۔ ملک میں ماضی میں بننے والی غلط پالیسیبوں کی وجہ سے دہشت گردی، انتہاپسندی، فرقہ واریت اور لسانیت کو فروغ ملا اور مسجد، چرچ اور مندر تک کو نہ بخشا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ دیر پا اور پائیدار امن کے لیے سیاسی قوتوں کو پالیسی سازی کرنا ہو گی۔ عوام کے منتخب نمائندے ہی عوامی جذبات کو جان سکتے ہیں اور ان تک امن کا پیغام پہنچا سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اختلاف رائے ہونا بری بات نہیں لیکن پاکستان کے بہتر مستقبل کے لیے سیاسی جماعتوں کو مشاورت کرنی ہوگی۔وزیر اعلی سندھ کے مشیر اور ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضی وہاب کا کہنا تھا کہ سیاسی رہنماوں کا کردار معاشرے میں سب سے اہم ہے اور وہ معاشرے میں تبدیلی لا سکتے ہیں۔

اراکین اسمبلی عوام کیمسائل سے سب سے بہتر آگاہی رکھتے ہیں۔ ان کا کہنا ہیکہ قوانین کی اسمبلی سے منظوری کے بعد بھی ان پر عمل درآمد کے حوالے سے بہت سی رکاوٹیں حائل ہیں۔انہوں نے کہاکہ سیاستدان بات چیت کے ذریعے مسائل کے حل تک پہنچ جاتے ہیں اور اتفاق رائے پیدا کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمیں ملکی مفادات پر کبھی کمپرومائز نہیں کرنا چاہیے۔

ایگزیٹو ڈائریکٹر ایس ایس ڈی او سید کوثر عباس کا کہنا تھا کہ ان پارلیما نی ایکسچینج دوروں کا مقصد صوبائی اراکین پارلیمنٹ کے درمیان ہم آہنگی پیدا کرنا ہے تاکہ وہ ایک صوبے کی اچھی قانون سازی دوسریصوبے میں بھی لا سکیں اور ایک دوسرے کی اچھی روایات کو سیکھ سکیں۔ان کا کہنا تھا کہ ایس ایس ڈی او اراکین پارلیمنٹ کی تربیت کے لیے مسلسل کام کررہا ہے اور ان کو ایسا پلیٹ فارم مہیا کررہا ہے جہاں وہ سیاسی تعلق سے بالا تر ہو کر کھل کر ملکی امن اور بہتری کے لیے تجاویز دے سکیں اور اتفاق رائے پیدا کرسکیں۔

وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے اراکین پنجاب اسمبلی سوونیئر تقسیم کیے۔دریں اثناسسٹین ایبل سوشل ڈیویلپمنٹ (ایس ایس ڈی او) کے زیر اہتمام پنجاب اسمبلی کے ممبران کا تین روزہ انٹر پارلیمانی ایکس چینج دورہ آج اختتام پزیر ہوا۔اراکین اسمبلی پنجاب نے اس بہترین دورے کے انعقاد پر ایس ایس ڈی او کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ اس طرح کے دوروں سے مختلف پارلیمان کے ممبران کے درمیان ہم آہنگی بڑھتی ہے اور صوبائی پارلیمان کے درمیان ورکنگ ریلیشن شپ میں بھی اضافہ ہوتا ہے۔

اراکین کا کہنا تھا کہ پاکستان کے اتحاد اور مثبت تشخص اجاگر کرنے کے لیے تمام اراکین اسمبلی جماعتی وابستوں سے بالا تر ہو کر مل کر کام کر رہے ہیں۔دورے کے دوران تیس رکنی پنجاب اسمبلی کے وفد نے وزیر اعلی سندھ سید مراد علی سے ملاقات کی۔ ممبران نے سندھ اسمبلی کا بھی دورہ کیا جہاں کنوینر سندھ اسمبلی ایس ڈی جی ٹاسک فورس پیر مجیب الحق نے وفد کا استقبال کیا جبکہ سیکریٹری سندھ اسمبلی نے ممبران کو اسمبلی کی تاریخ اور کارکردگی کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ ممبران پنجاب اسمبلی نے مختلف سیشنزمیں اراکین سندھ اسمبلی کے ساتھ مذاکرات میں حصہ لیا۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں