سی پیک کراچی آ رہا ہے، وفاقی وزیرکا پاکستان کیلئے بہت جلد بڑی خوشخبری کا عندیہ

ناممکن اور امکان محض ذہنی تصورات، اللہ کے نزدیک کچھ بھی ناممکن‏ نہیں ہے، سی پیک کراچی آ رہا ہے،بہت جلد کراچی، سندھ اور پاکستان کے لیے بڑی خبر آ رہی ہے، وفاقی وزیر علی زیدی

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری جمعرات 23 ستمبر 2021 21:06

سی پیک کراچی آ رہا ہے، وفاقی وزیرکا پاکستان کیلئے بہت جلد بڑی خوشخبری کا عندیہ
کراچی (اُردو پوائنٹ، اخبار تازہ ترین، 23ستمبر 2021) ’ناممکن اور امکان محض ذہنی تصورات، اللہ کے نزدیک کچھ بھی ناممکن‏نہیں ہے، سی پیک کراچی آ رہا ہے، وفاقی وزیرعلی زیدی کا کراچی، سندھ اور پاکستان کیلئے بہت بڑی خوشخبری کا عندیہ۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے بحری امور علی زیدی نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک ٹویٹ میں لکھاہے کہ ناممکن اور امکان محض ذہنی تصورات ہیں کیونکہ اللہ کے نزدیک کچھ بھی ناممکن‏نہیں ہے۔

انہوں نے ٹویٹ میں لکھا کہ بہت جلد کراچی، سندھ اور پاکستان کے لیے بڑی خبر آ رہی ہے۔اپنے ٹوئٹ میں ہیش ٹیگ کے ساتھ انہوں نے لکھا کہ سی پیک کراچی آ رہا ہے۔واضح رہے کہ آج چین پاکستان اقتصادی راہداری مشترکہ تعاون کمیٹی کے اجلاس میں وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ترقی اسد عمر کا کہنا تھا کہ سی پیک کےجنوبی زون سےکثیرغیرملکی سرمایہ کاری آئے گی ، سی پیک کےتحت ریلوےکاایم ایل ون سب سے بڑا منصوبہ ہے جبکہ بلوچستان میں بہت سے منصوبے جاری ہیں۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ پاکستان کی ز یادہ آبادی زراعت پر انحصار کرتی ہے، زراعت کے شعبے میں چین پاکستان کے ساتھ تعاون کررہاہے ، سائنس و ٹیکنالوجی میں پاک چین تعاون سے بہت زیادہ توقعات ہیں۔چینی ورکرز کی سیکیورٹی کے حوالے سے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ سی پیک پر کام کرنیوالے چینی ورکرز کی حفاظت ہماری ذمہ داری ہے، پاکستان میں کام کرنیوالے چینی ورکرز کو بہترین سیکیورٹی فراہم کی گئی ہے۔

اجلاس میں وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا کہ چیلنجز کے باوجود پاک چین قیادت نے سی پیک کو جاری رکھاہے، سی پیک کے پہلے مرحلے کی تکمیل اعتماد کا مظہر ہے۔دوسری جانب پاکستان کو اربوں ڈالرز کے سی پیک منصوبے کا تحفہ دینے والے چین نے اب مزید اربوں ڈالرز کی سرمایہ کاری کا تحفہ دینے کی خوشخبری سنائی ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق چینی کمپنی پاکستان کے ساحلی اور سی پیک کیلئے اہم ترین شہر گوادر میں اربوں ڈالرز کی مزید سرمایہ کاری کرنے کیلئے کوشاں ہیں۔ اس حوالے سے پاکستانی بورڈ آف انوسیٹمنٹ کی سیکرٹری فرینہ مظہر کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ چینی کمپنیاں ساحلی شہر گوادر کی پیٹروکیمکل انڈسٹری میں 15 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرنے کے لیے تیار ہیں۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں