کراچی کیلئے سی پیک کے تحت بڑے اقتصادی ٹرانسفارمیشن پراجیکٹ کا آغاز

3.5بلین ڈالر کی سرمایہ کاری سے بننے والے اس منصوبے سے کراچی دنیا کی سر فہرست بندرگاہوں میں شامل ہو جائے گا، ذرائع

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری ہفتہ 25 ستمبر 2021 18:57

کراچی کیلئے سی پیک کے تحت بڑے اقتصادی ٹرانسفارمیشن پراجیکٹ کا آغاز
کراچی (اُردو پوائنٹ، اخبار تازہ ترین، 25ستمبر 2021) کراچی کیلئے سی پیک کے تحت بڑے اقتصادی ٹرانسفارمیشن پراجیکٹ کا آغاز، 3.5بلین ڈالر کی سرمایہ کاری سے بننے والے اس منصوبے سے کراچی دنیا کی سر فہرست بندرگاہوں میں شامل ہو جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق وزارت بحری امور نے سی پیک کے تحت کراچی کے لیے بڑا اقتصادی ٹرانسفارمیشن پراجیکٹ شروع کردیا۔وفاقی وزیر برائے بحری امور علی زیدی نے کہا کہ اسلام آباد اور بیجنگ میں منعقد کمیٹی کے اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا، دونوں ممالک نے کراچی کوسٹل کمپریہنسیو ڈویلپمنٹ زون سی پیک میں شامل کرنے پر اتفاق کیا ہے اور کراچی کوسٹل کمپریہنسیو ڈویلپمنٹ زون منصوبہ گیم چینجر ثابت ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ بحری امور کی وزارت کا ایک بہترین اقدام ہے اور منصوبے سے کراچی دنیا کی سر فہرست بندرگاہوں میں شامل ہوگا، منصوبہ کے پی ٹی کے ساتھ شراکت میں براہ راست چینی سرمایہ کاری پر بنایا جائے گا جب کہ منصوبے کی متوقع سرمایہ کاری تقریباً 3.5 بلین ڈالر ہے، یہ منصوبہ 20 ہزار سے زائد خاندانوں کو رہائشی آباد کاری بھی فراہم کرے گا۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ آج سے چند روز قبل وفاقی وزیر برائے بحری امور علی زیدی نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک ٹویٹ میں لکھا تھا کہ ناممکن اور امکان محض ذہنی تصورات ہیں کیونکہ اللہ کے نزدیک کچھ بھی ناممکن‏نہیں ہے۔انہوں نے ٹویٹ میں لکھا کہ بہت جلد کراچی، سندھ اور پاکستان کے لیے بڑی خبر آ رہی ہے۔اپنے ٹوئٹ میں ہیش ٹیگ کے ساتھ انہوں نے لکھا کہ سی پیک کراچی آ رہا ہے۔

اس سے قبل چین پاکستان اقتصادی راہداری مشترکہ تعاون کمیٹی کے اجلاس میں وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ترقی اسد عمر کا کہنا تھا کہ سی پیک کےجنوبی زون سےکثیرغیرملکی سرمایہ کاری آئے گی ، سی پیک کےتحت ریلوےکاایم ایل ون سب سے بڑا منصوبہ ہے جبکہ بلوچستان میں بہت سے منصوبے جاری ہیں۔انھوں نے کہا کہ پاکستان کی ز یادہ آبادی زراعت پر انحصار کرتی ہے، زراعت کے شعبے میں چین پاکستان کے ساتھ تعاون کررہاہے ، سائنس و ٹیکنالوجی میں پاک چین تعاون سے بہت زیادہ توقعات ہیں۔چینی ورکرز کی سیکیورٹی کے حوالے سے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ سی پیک پر کام کرنیوالے چینی ورکرز کی حفاظت ہماری ذمہ داری ہے، پاکستان میں کام کرنیوالے چینی ورکرز کو بہترین سیکیورٹی فراہم کی گئی ہے۔

کراچی شہر میں شائع ہونے والی مزید خبریں:

Your Thoughts and Comments