ڈی جی ایف آئی اے ڈاکٹرثناء اللہ عباسی کاایف آئی اے زونل آفس سندھ کا دورہ

ڈی جی ایف آئی اے کو سندھ زون ون کی کارکردگی پر بریفنگ دی گئی اور انہیں انکوائریوں اور تحقیقات کے بارے میں بتایا گیا ثناء اللہ عباسی کی سندھ زون کی کارکردگی کو مستقبل میں بھی اسی طرح جاری رکھنے کی ہدایت، تحقیقات کے معیار کو مزید بہتر بنانے پر زور دیا

ہفتہ 25 ستمبر 2021 22:40

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 ستمبر2021ء) ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے ڈاکٹرثناء اللہ عباسی نے ہفتہ کوایف آئی اے زونل آفس سندھ کا دورہ کیا۔اس موقع پر ڈائریکٹر سندھ زون1 عامر فاروقی، ڈائریکٹر سندھ زون 2 یونس چانڈیو، ڈائریکٹر ہیڈکوارٹر نوید خواجہ اور تمام سرکل انچارج بشمول ایڈیشنل ڈائریکٹر/ڈپٹی ڈائریکٹر اور ایڈیشنل ڈائریکٹرسائبر کرائم سرکل موجود تھے۔

ڈی جی ایف آئی اے کو سندھ زون ون کی کارکردگی پر بریفنگ دی گئی اور انہیں انکوائریوں اور تحقیقات کے بارے میں بتایا گیا۔ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے نے سندھ زون کی کارکردگی کو سراہا اور مستقبل میں بھی اسی طرح کام جاری رکھنے کی ہدایت دیتے ہوئے تحقیقات کے معیار کو مزید بہتر بنانے پر زور دیا۔انہوں نے مشتبہ ٹرانزیکشنزرپورٹ(ایس ٹی آر)پر کام تیز کرنے اور ان کو مقدمات میں تبدیل کرنے پر زور دیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پرایڈیشنل ڈائریکٹرسائبرکرائم سندھ زون نے بتایا کہ جنسی ہراسانی ، چائلڈ پورنوگرافی اور مالی دھوکہ دہی کے 20 مقدمات درج کیے گئے جن میں28ملزمان کو گزشتہ دو ماہ کے دوران گرفتارکیا گیاہے۔ڈی جی ایف آئی اے نے چائلڈ پورنوگرافروں کی شناخت کے لیے سائبر گشت بڑھانے کی ضرورت پر زور دیااور ان کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت بھی کی۔انہوں نے این سی ایم ای سی(NCMEC)، متحدہ ہائے امریکہ کے ذریعہ تیار کردہ سائبر ٹپ لائن رپورٹس پر فوری کارروائی کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے سائبر کرائم سینٹرز میں اسٹاف کی کمی کا نوٹس لیتے ہوئے حکم دیا کہ آئی ٹی کے ماہرین کو دیگر سرکاری اداروں اور یونیورسٹیوں سے ڈیپوٹیشن کی بنیاد پر لانے کا انتظام کیا جائے تاکہ اس خلا کو پر کیا جاسکے اور عوام کو فوری ریلیف مل سکے۔ڈی جی ایف آئی اے ثناء اللہ عباسی نے سائبر کرائم سندھ زون کی کارکردگی کو سراہا۔ڈی جی ایف آئی اے نے واپڈا میں کرپشن، اوور بلنگ اور مالی بدعنوانیوں کا بھی نوٹس لیا اور اس سلسلے میں اقدامات کی ہدایت دیں۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں