پاکستان کے سابق ہائی کمشنر اور پیپلز پارٹی رہنما واجد شمس الحسن انتقال کر گئے

واجد شمس الحسن کا انتقال لندن میں ہوا ، وہ گذشتہ چھ ہفتے سے زیر علاج تھے۔ اہل خانہ

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 28 ستمبر 2021 14:03

پاکستان کے سابق ہائی کمشنر اور پیپلز پارٹی رہنما واجد شمس الحسن انتقال کر گئے
کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 28 ستمبر 2021ء) : پاکستان کے برطانیہ میں تعینات سابق ہائی کمشنر واجد شمس الحسن انتقال کر گئے۔ تفصیلات کے مطابق سابق ہائی کمشنر واجد شمس الحسن گذشتہ چھ ماہ سے لندن میں زیر علاج تھے۔ واجد شمس الحسن کے انتقال پر سابق صدر آصف علی زرداری نے بھی دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ واجد شمس الحسن صحافی، سفارتکار اور تاریخ کا عظیم ورثہ تھے۔

انہوں نے کہا کہ واجد شمس الحسن کے والد قائداعظم کے چالیس سال تک ساتھی رہے۔ تحریک آزادی کے رہنما شمس الحسن کا نئی دہلی میں پرنٹنگ پریس تھا‘ مسلم لیگ کی تمام دستاویز‘ پوسٹرز اور اشتہارات اسی پریس سے شائع ہوتی تھیں۔ قائداعظم نے ڈان اخبار شروع کیا تو سید شمس الحسن اس کے پرنٹر اور پبلشر تھے‘ خاندان قیام پاکستان کے بعد کراچی آ گیا۔

(جاری ہے)

واجد شمس الحسن خود بھی بھٹو خاندان کے عظیم دوست اور ساتھی تھے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھی واجد شمس الحسن کے انتقال پر گہرے دکھ و افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ واجد شمس الحسن کے انتقال پر مجھ سمیت پوری پارٹی دکھی ہے۔ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ واجد شمس الحسن کے انتقال سے پاکستان ایک مدبر محبِ وطن سے محروم ہوگیا ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنماؤں نے واجد شمس الحسن کی موت پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان، آزاد صحافت اور جمہوریت کے لئے ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔

اہل خانہ کے ذرائع کے مطابق واجد شمس الحسن گذشتہ چھ ہفتے سے زیر علاج تھے ۔ واجد شمس الحسن گذشتہ برس بیمار ہوئے تھے۔ ان کے اہل خانہ نے بھی لندن میں ان کے انتقال کی تصدیق کر دی اور کہا کہ واجد شمس الحسن کی نماز جنازہ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔ خیال رہے کہ واجد شمس الحسن 2008ء میں برطانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر رہے۔ جبکہ وہ چالیس سال سے زائد عرصہ صحافت سے بھی وابستہ رہے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں