سابق وزیراعظم نواز شریف کو کورونا ویکسین لگنے کا معاملہ

محکمہ صحت نے سابق وزیراعظم نواز شریف کی انٹری کا ڈیٹا ہٹا دیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 4 اکتوبر 2021 11:30

سابق وزیراعظم نواز شریف کو کورونا ویکسین لگنے کا معاملہ
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 04 اکتوبر 2021ء) : سابق وزیراعظم نواز شریف کو پاکستان میں ایک اور ویکسین لگنے کے معاملے پر محکمہ صحت کا رد عمل آ گیا۔ محکمہ صحت نے نواز شریف کی ویکسی نیشن کی جعلی انٹری کو شرارت قرار دے دیا۔ محکمہ صحت نے سابق وزیراعظم نواز شریف کی جعلی انٹری کا ڈیٹا ہٹا دیا اور کہا کہ جعلی انٹری کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

واضح رہے کہ لندن میں موجود سابق وزیراعظم نوازشریف کو آج پاکستان میں ایک اور ویکسین لگ گئی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق نوازشریف کو پہلے سائینو ویک لگائی گئی تھی جس کے بعد اب کین سائنو ویکسین بھی لگا دی گئی ہے۔ ریکارڈ کے مطابق سابق وزیراعظم نوازشریف کو نارروال کے ایک اسکول میں ویکسین لگائی گئی۔خبر سامنے آنے کے بعد ویکسینیشن کے سسٹم پر ایک بار پھر سوالات کھڑے ہو گئے۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ گذشتہ ماہ سابق وزیراعظم نواز شریف کی ویکسی نیشن کے جعلی اندراج کی خبر آئی تھی۔ محکمہ صحت ذرائع کے مطابق نواز شریف کے شناختی کارڈ پر ویکسین کا جعلی اندراج ہوا۔ جعلی اندراج نادرا کے پورٹل پر اپ لوڈ بھی کیا گیا۔اندراج میں نوازشریف کو سائنوویک کی پہلی خوراک لگائی گئی ہے۔ذرائع کوٹ خواجہ سعید اسپتال کے مطابق سابق وزیراعظم کی ویکسین کی انٹری نوید الطاف نامی ویکیسنیٹر نے کی۔

دستاویزات کے مطابق نواز شریف کو سائنو ویک کی دوسری ڈوز کے لئے 20 اکتوبر کو بھی بلایا گیا ہے۔
ترجمان محکمہ صحت پنجاب کی جانب سے مزید بتایا گیا ہے کہ نواز شریف کے شناختی کارڈ کا اندراج لاہور کے کوٹ خواجہ سعید ویکسی نیشن سینٹر میں ہوا۔
نواز شریف کی کورونا ویکسی نیشن کی جعلی انٹری کے معاملے پر حساس اداروں کی انکوائری کمیٹی نے ابتدائی رپورٹ بھی تیار کی۔

ذرائع انکوائری کمیٹی کے مطابق جعلی ویکسی نیشن کے 8 منٹ قبل 1166 پر نامعلوم سم سے میسج کیا گیا۔ ذرائع نے بتایا کہ نواز شریف کا شناختی کارڈ نمبر 1166 پر بھیج کر پن کوڈ حاصل کیا گیا۔ ذرائع محکمہ صحت کے مطابق شام 4 بج کر 4 منٹ پر اسی کوڈ کے تحت نواز شریف کی ویکسی نیشن کی جعلی انٹری کروائی گئی۔ انکوائری کمیٹی کے مطابق انٹری کے 10 منٹ کے بعد 5 سمز کے نمبرز سے 1166 پر ویکسی نیشن کی کنفرمیشن کی گئی۔ اس سلسلے میں حساس اداروں نے 5 سموں کا ریکارڈ اپنے قبضے میں لے لیا ۔ ذرائع انکوائری کمیٹی کے مطابق نواز شریف کی کورونا ویکسی نیشن منصوبہ بندی کے تحت کی گئی۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں